Saturday , December 16 2017
Home / جرائم و حادثات / آن لائن ڈیٹنگ دھوکہ دہی ،آسٹریلیائی شہری حیدرآباد پہنچ گیا

آن لائن ڈیٹنگ دھوکہ دہی ،آسٹریلیائی شہری حیدرآباد پہنچ گیا

رقم خاتون کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی،نائجیریائی باشندہ کے بشمول 2 افراد گرفتار ، خاتون فرار

حیدرآباد ۔ /26 جنوری (سیاست نیوز) آسٹریلین شہری کو شاطرانہ انداز میں دھوکہ دینے میں ملوث دو افراد بشمول ایک نائجیرین باشندے کو ریاست کی سی آئی ڈی پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ 29 سالہ محسن آغا ساکن ٹولی چوکی اور اس کا ساتھی 31 سالہ محمد حسانی بروا جو نائجیرین باشندہ ہے اور کوکا پیٹ کا ساکن ہے ۔ دونوں نے ایک آسٹریلین باشندے کو ڈیٹنگ ویب سائیٹ  کے ذریعہ ایک خاتون کا پروفائیل سارا ہیمیش کے نام سے تیار کیا اور بڑے پیمانے پر دھوکہ دینے کیلئے ایک خاتون کو بھی اس ریاکٹ میں شامل کرلیا ۔ دھوکہ باز خاتون آسٹریلین شہری سے مسلسل ربط میں تھی اور دونوں نے شادی بھی کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ اسی دوران خاتون نے خود کو ہیرے جواہرات کی تاجر ظاہر کرتے ہوئے آسٹریلین شہری کو یہ بتایا کہ حکومت سے 2.1 ملین ڈالر کی رقم باقی ہے اور اس کے حصول کیلئے 95 ہزار ڈالر ٹیکس ادا کرنا ضروری ہے ۔ خاتون نے اپنے دوست سے ٹیکس کی رقم فراہم کرنے کی گزارش کی اور اس کے جھانسے میں آکر آسٹریلین شہری نے ایکسیس بینک کے کھاتے میں مذکورہ رقم منتقل کردی اور خاتون نے اسے حیدرآباد آنے اور اسے ملاقات کیلئے کہا ۔ آسٹریلین شہری یہاں پہونچنے پر اسے دھوکہ دہی کا شکار ہونے کا اندازہ ہوا ۔ سی آئی ڈی کی سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ٹولی چوکی کے محسن آغا اور اس کے ساتھی محمد حسانی بروا کو گرفتار کرلیا جبکہ دھوکہ دہی میں ملوث خاتون ہنوز مفرور ہے ۔ تحقیقات کے دوران سی آئی ڈی کو اس بات کا پتہ چلا ہے کہ آسٹریلین شہری کو راغب کرنے کیلئے خاتون کی ایک فرضی تصویر کا استعمال کیا گیا تھا ۔ سی آئی ڈی نے ملزمین کے قبضے سے لیپ ٹاپ ، موبائیل فون ، پین ڈرائیو اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا جبکہ 20 لاکھ روپئے محسن آغا کے بینک کھاتے سے برآمد کئے گئے۔

TOPPOPULARRECENT