Saturday , May 26 2018
Home / شہر کی خبریں / !نہرو زوالوجیکل پارک کی شاد نگر منتقلی

!نہرو زوالوجیکل پارک کی شاد نگر منتقلی

بہادر پورہ سڑک پر بھاری ٹریفک سے جانوروں کے لیے خطرہ ، رپورٹ تیار کرنے حکومت کی ہدایت
حیدرآباد۔18ڈسمبر(سیاست نیوز) نہرو زوالوجیکل پارک کو شہر کے باہر منتقل کردیا جائے گا!پرانے شہر میں واقع نہرو زوالوجیکل پارک کو شہر کے باہر شاد نگر کے قریب منتقل کرنے کے سلسلہ میں غور کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس سلسلہ میں حکومت نے رپورٹ کی تیاری کی ہدایت جاری کردی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ بہادر پورہ سڑک پر ٹریفک کی گہما گہمی اور اطراف کے علاقوں میں مصروف ترین بستیوں کے آباد ہوجانے کے سبب نہرو زوالوجیکل پارک کو منتقل کرنا ناگزیر تصور کیا جانے لگا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ٹریفک کی گہما گہمی اور شور شرابہ کے سبب زوالوجیکل پارک میں موجود جانوروں کی صحت پر بھی مضر اثرات پڑنے لگے ہیں اسی لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے شہری علاقہ سے باہر نئے زوالوجیکل پارک کی تیاری کا منصوبہ بنایاجانے لگا ہے۔ چند برس قبل بھی محکمہ جنگلات کی جانب سے نہرو زوالوجیکل پارک کو شمس آباد کے قریب منتقل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا گیا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر ایسا نہیں کیا جاسکا اور اب ایک مرتبہ پھر سے محکمہ جنگلات نے جانوروں کی صورتحال اور بارش کے سبب میرعالم تالاب کا پانی زوالوجیکل پارک کے سفاری و دیگر علاقو ںمیں داخل ہونے کے باعث اس منصوبہ پر از سر نو غور کرنا شروع کردیا ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ جنگلات کے اعلی عہدیداروں نے اس سلسلہ میں مشاورت شروع کردی ہے اور حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے۔ سابق میں حکومت کو اس سلسلہ میں ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے اس بات سے واقف کروایا گیا تھا کہ بہادرپورہ علاقہ میں واقع نہروزوالوجیکل پارک کے اطراف گنجان آبادیوں اور روبرو سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت میں اضافہ کے سبب صورتحال بگڑتی جا رہی ہے کیونکہ جنگل میں رہنے والے جانوروںکو گہما گہمی اور شور شرابہ سے دور رکھا جانا ضروری ہوتا ہے اسی لئے حکومت سے اس بات کی سفارش کی جارہی ہے کہ شہر کے مضافاتی علاقہ میں موجود جنگلاتی علاقہ میں نئے زوالوجیکل پارک کی تعمیر کو منظوری دی جائے تاکہ جنگل اور جنگلی جانوروں کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہری حدود میں ہی زوالوجیکل پارک کو رکھنے کے اقدامات کو ممکن بنایا جائے گا لیکن موجودہ مقام سے منتقلی کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہاہے ۔ محکمہ جنگلات کا کہناہے کہ جس وقت بہادرپورہ علاقہ میں نہروزوالوجیکل پارک کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی اس وقت یہ علاقہ پرسکون اور آبادیوں والا نہیں تھا لیکن اب گنجان آبادیوں اور شور شرابہ والا علاقہ ہونے کے سبب اس علاقہ سے جانوروں کی منتقلی ناگزیر ہوتی جا رہی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ نہروزوالوجیکل پارک کی شہر کے مضافاتی علاقہ میں منتقلی حکومت کی جانب سے نئے پارک کی منظوری پر ہی منحصر ہے۔

TOPPOPULARRECENT