Wednesday , October 17 2018
Home / شہر کی خبریں / گجرات کی جنگ میں کانگریس کی جیت ‘ راہول سب پر حاوی

گجرات کی جنگ میں کانگریس کی جیت ‘ راہول سب پر حاوی

نریندر مودی نے وزارت عظمی کے عہدہ کو داغدار کردیا ۔ رکن اسمبلی ریونت ریڈی کا بیان

حیدرآباد 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد و رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے گجرات انتخابی نتائج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھلے ہی محاذ پر کانگریس کو شکست ہوئی ہے لیکن جنگ میں کامیاب کانگریس ہوئی ہے۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے گجرات میں ایڑی چوٹی کا زور لگادیا اور اتنی حد تک گر گئے کہ وزیراعظم کے عہدے کو داغدار کردیا ۔ بی جے پی نے سرکاری مشنری کا استعمال کیا۔ مرکزی وزراء، بی جے پی چیف منسٹرس اور ارکان پارلیمنٹ نے گجرات میں قیام کرکے کام کیا۔ تاہم کانگریس کے نوجوان قائد راہول گاندھی سب پر حاوی رہے ۔ کانگریس کے شاندار مظاہرے سے ملک کی ہر ریاست میں کانگریس کارکنوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ 22 سال تک اقتدار سے دور رہنے کے باوجود گجرات میں کانگریس کیڈر نے پارٹی مفادات کا تحفظ کرنے جو کام کیا وہ قابل ستائش ہے۔ ریونت ریڈی نے تین سال اقتدار سے محروم رہنے پر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے والے قائدین کو گجرات کیڈر سے سبق لینے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی نے 2012 انتخابات میں 115 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی۔ 2017 میں صرف 99 اسمبلی حلقوں تک محدود ہوگئی۔ جبکہ دوسری جانب کانگریس 61 حلقوں سے اُڑان بھر کر 80 حلقوں تک پہونچ گئی۔ ووٹوں کے تناسب میں بھی بی جے پی کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ 2014 ء پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو 60 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے جس کا تناسب اب گھٹ کر 49 فیصد ہو گیا ہے۔ وہیں کانگریس کا ووٹ تناسب 33 فیصد سے بڑھ کر 41 فیصد تک پہونچ گیا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ گجرات انتخابی مہم میں وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امیت شاہ اور 50 مرکزی وزراء ، 122 ارکان پارلیمنٹ نے حصہ لیا۔ جبکہ کانگریس سے صرف راہول گاندھی نے انتخابی مہم چلائی۔ راہول گاندھی سے مقابلہ میں ناکام وزیراعظم نے آخری ہتھیار کے طور پر خود (مودی) کا قتل کرنے کی سازش کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا قتل کرنے کی سازش کرنے والوں کو وزیراعظم فوری گرفتار کریں اور ان کے خلاف اعلان جنگ بھی کیا جاتا ہے تو ملک کے عوام نریندر مودی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ وزیراعظم جھوٹے الزامات عائد کرکے سیاسی فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔ ملک کے عوام اس پر غور و فکر کریں۔ مذہبی منافرت اور طبقہ واری کا کارڈ استعمال کرتے ہوئے بی جے پی پر گجرات میں کامیابی حاصل کرنے کا الزام عائد کیا۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ اڈوانی اپنی آبائی ریاست میں انتخابی مہم سے دور رہے۔ اس کے لئے مودی اور امیت شاہ ذمہ دار ہیں۔ واجپائی اور اڈوانی نے اُصولوں کی سیاست کی مگر مودی اور شاہ غیر جمہوری طریقہ کار اپنائے ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT