Thursday , September 20 2018

۔12فیصد مسلم تحفظات تحریک کو بائیں بازو طلباء تنظیم کی تائید
ریاست کے ہر گوشے میں اے ٹی ایس ایف بھرپور حمایت کرے گی، سید ولی اللہ قادری کا بیان

حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور حقیقی ترقی کیلئے جاری 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک کو سماج کے ہر گوشہ سے تائید و حمایت حاصل ہورہی ہے۔ نیوز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ جناب عامر علی خان کی جانب سے مسلمانوں کی ترقی کیلئے شروع کردہ اس تحریک کو اب بائیں بازو کی طلباء تنظیم نے اپنی بھرپور تائید کا اعلان کیا ہے۔ طلباء تنظیم نے تلنگانہ کے ہر وہ حلقہ و مقام پر تحریک کا ساتھ دینے اور عامر علی خان کے دوروں کے موقع پر تحریک میں شدت پیدا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ بائیں بازو طلباء تنظیم آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن، اے ٹی ایس ایف کے قومی صدر سید ولی اللہ قادری نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلمانوں کی ترقی و بہبود کیلئے جاری جناب عامر علی خاں کی 12فیصد مسلم تحفظات تحریک کو اے آئی ایس ایف بھرپور تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کونے کونے میں موجود تنظیم کا کیڈر 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے جدوجہد میں حصہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی ایس ایف مسمانوں کی ترقی کیلئے جاری اس تحریک پر کافی دنوں سے غور کررہی ہے اور عامر علی خاں کی اس تحریک کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔ قومی صدر اے آئی ایس ایف نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں اس فکر و عمل کے افراد کی موجودگی مسلمانوں کیلئے خوش آئند بات ہے اور عملی اقدامات کیلئے جدوجہد مسلم طلباء کی کمزوریوں کے خاتمہ کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی جانب سے مقرر کردہ کئی کمیٹیوں نے مسلمانوں کی پسماندگی کوواضح طورپر بیان کردیا اور رپورٹس میں دلتوں اور دیگر پچھڑے طبقات سے بھی پسماندہ حالت ہونے کا ذکر کیا گیا باوجود اس کے صرف بہلانے اور ٹال مٹول کی پالیسیاں اختیار کی جارہی ہیں۔ اس طرح حکومتیں اور قائدین مسلمانوں کی پسماندگی اور کمزوری کا مذاق اُڑا رہی ہیں۔ ولی اللہ قادری نے کہا کہ تعلیم کے مواقع اگر بہتر ہوں گے تو بہت ساری خامیاں دور ہوں گی اور اگر روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے تو پسماندگی کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ہر حکومت نے مسلمانوں کے جذبات و احساسات کا استحصال کیا ہے لیکن اب تحریک کو مضبوط کرتے ہوئے مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ ولی اللہ قادری قومی صدر اے آئی ایس ایف نے ریاست کے مسلمانوں سے اس تحریک کو مضبوط کرنے کی اپیل کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT