چھ گیارنٹی اسکیمیں پرکشش، اقلیتی قائد محمد عبدالقادر کا خطاب
ظہیرآباد ۔ 24 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپلٹی ظہیر آباد کے بھارت نگر کالونی کے باشندوں نے بی آر ایس لیڈر محمد قادر کی قیادت میں کانگریس ایم ایل اے امیدوار ڈاکٹر اے چندر شیکھر کی موجودگی میں یہ کہتے ہوئے شمولیت اختیار کی کہ بی آر ایس حکومت میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے۔ اس موقع پر ایم ایل اے امیدوار نے کہا کہ بھارت نگر کالونی میں سڑکوں اور گندے نالوں جیسے مسائل سنگین ہیں اور سڑکوں کی صحیح تعمیر کا ابھی تک کوئی ریکارڈ نہیں ہے ۔ محمد قادر کی قیادت میں 250 لوگوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت تشکیل ہونے کے بعد وہ ظہیرآباد علاقہ کے تمام مسائل حل کریں گے اور یہ کہ کانگریس کی چھ گارنٹی اسکیمیں لوگوں کو اس قدر متوجہ کر رہی ہیں کہ لوگ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے پر آمادہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر قائم صنعتوں میں روزگار کے مواقع موجود ہیں لیکن مقامی نوجوان روزگار سے محروم ہیں۔ انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس موقع پر صدر کانگریس ظہیرآباد منڈل پی نرسمہاریڈی ، سابق نائب صدرنشین بلدیہ محمد خواجہ میاں، بی سندیپ اور دیگر قائدین کے بشمول کانگریس میں شامل ہونے والوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔