آؤٹر رنگ روڈ لیز میں ہزاروں کروڑ کی بے قاعدگیاں ‘کے ٹی آر ذمہ دار

   

صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کا الزام ، اروند کمار کی وضاحت مسترد، ٹنڈرس منسوخ کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔4۔مئی (سیاست نیوز)صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آؤٹر رنگ روڈ کو لیز پر دیئے جانے سے متعلق ٹنڈرس کی فوری منسوخی کا مطالبہ کیا اور اس سلسلہ میں اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند راؤکی وضاحت کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اس تنازعہ پر متعلقہ وزیر کے ٹی راما راؤ کو وضاحت کرنی چاہئے تھی لیکن ایک عہدیدار کے ذریعہ وضاحت کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کے پاس کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے لہذا وہ اس معاملہ میں اپنا منہ چھپا رہے ہیں۔ انہوں نے لیز تنازعہ پر کے ٹی آر کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ ٹنڈر میں کئی ہزار کروڑ کی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ کے ٹی آر کو اس معاملہ میں جواب دینا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 70 ہزار کروڑ کی آؤٹر رنگ روڈ کو صرف 7 ہزار کروڑ میں 30 سالہ لیز پر کس طرح کیا جاسکتا ہے۔ کے سی آر حکومت تلنگانہ عوام کے اثاثہ کو معمولی قیمت پر فروخت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قریبی صنعتی گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹنڈر کی تفصیلات سے اپوزیشن اور عوام کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ عہدیداروں نے ٹنڈر تفصیلات کو انتہائی راز میں رکھا ہے جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے اروند کمار پر حقائق کی پردہ پوشی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بین الاقوامی ٹنڈرس طلب نہیں کئے گئے اور اپنے قریبی افراد کو معمولی قیمت پر ٹنڈر منظور کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آر ٹی آئی کے تحت انہوں نے تفصیلات طلب کی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے جواب کی امید نہیں ہے۔ آؤٹر رنگ روڈ پر ٹول ٹیکس سے روزانہ دو کروڑ کی آمدنی ہوگی اور سالانہ 730 کروڑ کی آمدنی ہوسکتی ہے۔ 30 سال میں 22 ہزار کروڑ آمدنی والے آؤٹر رنگ روڈ کو معمولی قیمت پر لیز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو اس معاملہ کی جانچ کرنی چاہئے ۔ اروند کمار کے خلاف مرکزی اور ریاستی ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ کمیشن سے شکایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں سی اے جی کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ ہزاروں کروڑ کی بے قاعدگیوں کیلئے کے ٹی آر ذمہ دار ہیں۔ر