99 روزہ ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری، ضلع کلکٹرس کو عوام تک رسائی حاصل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔13 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ تین برسوں میں تمام مستحق خاندانوں کو اندراماں ہاوزنگ کے تحت مکانات الاٹ کئے جائیں گے ۔ سرینواس ریڈی نے کھمم ضلع میں حکومت کے 99 روزہ ترقیاتی منصوبہ کے تحت مختلف پروگراموں میں حصہ لیا اور فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان میں منظوری کے مکتوب حوالے کئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر علاقہ میں ترقی اور فلاح و بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کی تشکیل کو دو سال تین ماہ مکمل ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ کئی نئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کیا ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے ذریعہ علاقوں کو ایک دوسرے سے مربوط کیا جارہا ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاست میں جملہ 4.5 لاکھ اندراماں مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ حکومت نے مستحق خاندانوں میں راشن کارڈس کی اجرائی عمل میں لائی اور باریک چاول مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل میں اندراماں ہاؤزنگ کے دوسرے مرحلہ کے تحت مکانات منظور کئے جائیں گے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں کوئی بھی غریب اور مستحق خاندان اندراماں ہاؤزنگ سے محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 99 روزہ ترقیاتی پروگرام پر عمل آوری کا مقصد فلاحی اور ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کا جائزہ لینا ہے۔ اس پروگرام کے دوران عوامی نمائندے اور عہدیدار دور دراز کے علاقوں تک پہنچ کر اسکیمات کا جائزہ لیں گے ۔ سرکاری محکمہ جات میں فائلوں کی عاجلانہ یکسوئی پر توجہ دی جائے گی۔ گرام پنچایتوں کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ فنڈس کا صحیح استعمال کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جائے گا۔ سرینواس ریڈی نے ضلع کلکٹر اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام محکمہ جات کو 99 روزہ ترقیاتی منصوبہ میں شامل کریں۔1