آئندہ 30 دن بہت اہم : ٹرمپ

,

   

ملک میں متاثرین کی تعداد 1,64,000 تک پہونچ گئی
واشنگٹن 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کیلئے کورونا وائرس سے مقابلہ میں آئندہ 30 دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ امریکہ میںکورونا متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک 1,64,000 افراد اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اب تک امریکہ میں 3415افراد اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی صدر ٹرمپ نے سماجی فاصلے بنائے رکھنے کے اصولوں پر عمل آوری میں 30 اپریل تک توسیع کردی تھی ۔ یہ شبہات بھی ظاہر کئے جا رہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں اس وائرس کی وجہ سے امریکہ میں اموات کی تعداد میں بھی بہت زیادہ اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ٹرمپ نے وائیٹ ہاوز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے آئندہ 30 دن بہت چیلنجس بھرے ہوسکتے ہیں اور یہ 30 دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ امریکہ کی 330 ملین آبادی میں 250 ملین لوگ ان دنوں گھروں میں رکھے گئے ہیں اور دو درجن سے زیادہ ریاستوں میں ہنگامی اقدامات کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ امریکہ میں قومی ایمرجنسی بھی لاگو کردی گئی ہے ۔ امریکہ میں کنونشن سنٹرس ‘ عوامی پارکس وغیرہ میں عارضی دواخانوں کی تعمیر کیلئے فوج کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

کورونا سے9/11 حملے سے زیادہ اموات
اس دوران ایک اور اطلاع میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں کورونا اموات کی تعداد 3,415 سے متجاوز ہوگئی ہے اور یہ تعداد امریکہ میں ہوئے 9/11 کے دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں سے زیادہ ہے ۔ ڈاکٹر انتھونی فاکی ڈائرکٹر یو ایس نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی و وبائی امراض نے کہا کہ شبہ ہے کہ امریکہ میں اس وائرس کی وجہ سے ایک تا دو لاکھ افراد کی موت واقع ہوسکتی ہے ۔ متاثرین کی تعداد لاکھوں تک پہونچنے کے اندیشے ہیں۔