آئین کو بچانے والے الیکشن میں انڈیا اتحاد کی جیت ہوگی :کھرگے

   

لکھنو : بی جے پی پر تاناشاہی رویہ اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس صدر ملکا ارجن کھرگے نے کہا کہ آئین بچانے کی لڑائی میں عوام انڈیا اتحاد کے ساتھ ہیں اور 4 جون کو بی جے پی کی وداعی یقینی ہے۔ سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو کے ساتھ جوائنٹ پریس کانفرنس میں کھرگے نے چہارشنبہ کو کہا کہ یہ الیکشن ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کا الیکشن ہے ۔ یہ دو نظریات کے درمیان کی لڑائی ہے جس میں بی جے پی سرمایہ داروں کے ساتھ ہمدردی دکھارہی ہے، وہیں 26پارٹیاں مل کر غریب، قبائلی ، دلت، اقلیت کے حق اور حقوق کی لڑائی لڑرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کہتے ہیں کہ وہ اگلی میعاد میں آئین میں تبدیلیاں کریں گے ۔ انہوں نے آئین میں تبدیلی کی تو جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی۔ جمہوری نظام میں ہر کسی کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق ہے لیکن بی جے پی آئین میں تبدیلی کرکے اس حق کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔ اس لیے یہ ایک ایسا الیکشن ہے جو ملک کا مستقبل سنوارے گا اور آنے والی نسلوں کو محفوظ رکھنے کا الیکشن ہے ۔اگر آئین بچے گا تو سب کچھ بچے گا ورنہ ہم غلامی میں چلے جائیں گے ۔کھرگے نے کہا کہ چار مراحل کے الیکشن ہوچکے ہیں جس میں انڈیا اتحاد کافی آگے چل رہا ہے ۔ ملک کی عوام نے مودی جی کی وداعی طے کردی ہے ۔ 4 جون کو انڈیا اتحاد کی نئی سرکار بننے جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مذہب ۔ ذات کی بات کرتی ہے لیکن مہنگائی۔ غریبی، بے روزگاری جیسے مسائل پر بات کرنا نہیں چاہتی۔ بڑی تعداد میں خواندہ نوجوان بے روزگار ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں سرکاری اسامیاں خالی ہونے کے باوجود سرکار تقرریاں نہیں کررہی ہے ۔ اس سے نوجوانوں میں اشتعال ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ موجودہ انتخابات میں بھی بی جے پی کا آمرانہ چہرہ سامنے آ یا ہے ۔ بی جے پی والے اتحادی امیدوار کو نامزدگی سے روک رہے ہیں۔ ہمارے الیکشن ایجنٹس کو ڈرا یا۔ دھمکایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کہتی ہے کہ وہ 80 کروڑ غریبوں کو پانچ کلو مفت راشن دے رہی ہے لیکن اسے معلوم ہونا چاہئے کہ کانگریس نے اپنے دور اقتدار میں فوڈ سیکورٹی اسکیم نافذ کی تھی تاکہ کوئی بھوکا نہ سوئے ۔ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو ہر غریب خاندان کو دس کلو مفت راشن کی سہولت دی جائے گی۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اتحاد کی حکومت آنے پر سبھی اتحادی جماعتوں کے منشور کی بنیاد پر کامن مینمم پروگرام نافذ کیا جائے گا ۔

حکومت بننے پر کانگریس عوام کو10کلو راشن دے گی:کھرگے
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ اگر مرکز میں ان کی حکومت بنتی ہے تو غریبوں کو ہر ماہ 10 کلو راشن دیا جائے گا۔ کھرگے نے ٹوئٹ کیا کہ مودی حکومت غریبوں کو 5 کلو راشن مفت دے رہی ہے ، لیکن اگر مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو ہم غریبوں کو پانچ نہیں بلکہ ہر مہینے 10 کلو راشن دیں گے ۔اس دوران پارٹی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی مفت راشن کے بارے میں کہا کہ یہ غریبوں کا حق ہے اور کانگریس نے خود غریبوں کو حق دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو راشن ملتا ہے کیونکہ اس ملک میں ہر شہری کو کھانے کا حق ہے ، کسانوں کا اُگایا ہوا اناج، تقسیم پر خرچ ہونے والا پیسہ عوام کا ہے ، کیا بی جے پی حکومت عوام کے پیسے کا تھوڑا سا بھی اس پر خرچ کرے گی؟ وہ اسے یرغمال بنانا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کہا کرتے تھے کہ حکومت کا کام سب سے غریب کے آنسو پونچھنا ہے ۔ آج اس کے بالکل برعکس ہو رہا ہے ۔جو غریب ہے ان کا جینا مشکل ہو گیا ہے ۔