آئی آئی ٹیز، خوابوں کے تعبیر کی فیکٹری، غربت سے لڑنے میں معاون

   

کندی میں آسٹریلیا انڈیا ریسرچ ورکشاپ کا افتتاح، ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب، تلنگانہ میںکلین اینڈ گرین اِنرجی پالیسی کو ترجیح
سنگاریڈی۔ 3؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آئی آئی ٹی حیدرآباد واقع نزد کندی میں آسٹریلیا انڈیا کریٹکل منرل ریسرچ پر دو روزہ ورک شاپ کا آج افتتاح عمل میں آیا جس میں بھٹی وکرمارکا ڈپٹی چیف منسٹر حکومت تلنگانہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئی آئی ٹی حیدرآباد خوابوں کے تعبیر کی فیکٹری ہے۔ آئی آئی ٹیز نہ صرف تعلیمی ادارہ جات ہیں بلکہ قوم کی تعمیر کا بہترین پلیٹ فارم بھی ہے۔ 11,500 ریسرچ مطبوعات، 320 سے زیادہ پیٹنٹ اور اسٹارٹ اپس کے ذریعے 1500 کروڑ روپیہ کی آمدنی کے وسائل پیدا کرتے ہوے آئی آئی ٹی حیدرآباد نے اپنا منفرد مقام و شناخت بنائی ہے۔آسٹریلیا-انڈیا کریٹیکل منرلز ریسرچ ہب کے تحت موناش یونیورسٹی آسٹریلیا کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس پروگرام سے نہ صرف تلنگانہ بلکہ ہندوستان اور دنیا کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ ورکشاپ ریاست تلنگانہ میں کلین اینڈ گرین اینرجی پالیسی کی تشکیل میں تعاون کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ آئی آئی ٹی کے بانی پنڈت نہرو نے ملک کے آئی آئی ٹیز کو جدید ہندوستان کے معمار قرار دیا تھا۔ نہرو نے IITs کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے ذریعہ غربت اور عدم مساوات سے لڑنے میں معاون قرار دیا تھا۔ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے آئی آئی ٹی حیدرآباد کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا تھا..ان کے دور اقتدار میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس میں بطور ایم ایل سی میں نے بھی شرکت کی تھی۔ کانگریس حکومت تلنگانہ میں معدنیات کی دریافت، نکاسی اور استعمال کے موثر طریقے تلاش کرنے اور پائیدار کان کنی کے طریقوں کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوے معدنی پالیسی پر عمل پیراں ہے۔ تلنگانہ حکومت کلین اینڈ گرین اینرجی پالیسی پر تحقیق کر رہی ہے۔ اس پر مبنی سائنس و ٹکنالوجی پروگرامس کو ترجیح دی جا رہی ہے۔معدنیات نہ صرف صنعتی خام مال ہے بلکہ سبز معیشت کی تعمیر کے لیے بھی مفید ہے۔ شمسی توانائی کے پینل، ونڈ ٹربائن، برقی چارجنگ گاڑیاں، اور بجلی ذخیرہ کرنے والی بیٹریاں معدنیات سے ہی بنتی ہیں۔ تلنگانہ 2030 تک 20 ہزار میگاواٹ گرین اینرجی پیدا کرنے کے منصوبہ پر عمل کر رہی ہے۔سبز ہائیڈروجن ٹیکنالوجی مستقبل کا ایندھن ہے۔تلنگانہ حکومت جدت پسندی اور ایجادات کی حوصلہ افزائی کے لیے پابند ہے۔ IIT’s کے فکر و خیال، جدت پسندی اور ایجادات صنعتوں کی نئی تعریف فراہم کر رہے ہیں اور معیشت کو نئی شکل دیتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت سبز توانائی، پائیدار ٹکنالوجی اور سائنسی اختراع و ایجادات میں ملک میں اول نمبر پر رہنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر پروفیسر بی ایس مورتی ڈائرکٹر آئی آئی ٹی حیدرآباد و دیگر موجود تھے۔