آئی ایم اے معاملہ: منصور خان ہندوستان لوٹنے تیار، پولیس سے تعاون کی اپیل، ویڈیو

,

   

بنگلور: آئی ایم اے کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد منصور خاں کا ویڈیو سوشل میڈیا پر گشت ہونے کے بعد سرمایہ کاروں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ان کے متعلق کئی طرح طرح کی خبریں او رافواہیں چل رہی تھیں۔آج آئی ایم اے کے سربراہ محمد منصور خان کو زندہ و سلامت دیکھنے کے بعد سرمایہ کارو ں کے دلو ں کو ٹھنڈک محسوس ہوئی ہے۔ منصور خان نے ایک ویڈیو جاری کی ہے۔اس ویڈیو میں منصور خان نے کئی اہم خلاصے کئے ہیں۔ انہوں نے اس کمپنی کی اس حالت کیلئے متعدد سیاسی لیڈران او ربیورو کریٹ کو ذمہ دار قرار دیا او رساتھ ہی کئی علماء کرام پر طنز بھی کیا او رکہا کہ ان حضرات کو آئی ایم اے کی کامیابی سے حسد تھا۔

انہوں نے کہا کہ تیرہ سال سے ہزاروں خاندان کی آمدنی میں اضافہ کا ذریعہ بننے والی کمپنی کو بند کروانے میں آپ لوگوں کی کوششیں کامیاب ہوگئیں جس کیلئے آپ تمام کو مبارکباد۔“ محمد منصور خان نے سٹی پولیس کمشنر آلوک کمار سے درخواست کی ہے کہ وہ اب اس ملک میں آنے اور پولیس کے حوالہ ہونے کیلئے بالکل تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بتایا جائے کہ وہ بنگلور آنے کیلئے ٹکٹ کے سلسلہ میں کن افسروں سے ملاقات کریں او رکس طرح کمپنی کے موجودہ حالات کے بارے میں تفصیلات پیش کریں۔ منصور خان نے اپنے ویڈیو میں کہا کہ میری او رمیری کمپنی کے بارے میں ان کے لاپتہ ہونے کے بعد سوشل میڈیا، الکٹرانک میڈیا او رپرنٹ میڈیا میں جس طرح افواہیں اور خبریں پھیلائی گئیں ہیں اور اس تیرہ سالہ کمپنی کو پوری ختم کرنے کی جو کوشش کی گئی اس کوشش میں یہ لوگ کامیاب رہے۔ لیکن اللہ سب کچھ دیکھ رہا ہے اور وہی اس سلسلہ میں صحیح فیصلہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کمشنر آف پولیس آلوک کمار سے امید ظاہر کی کہ وہ حق کا فیصلہ کریں گے او ر کمپنی میں سرمایہ لگائے ہوئے افراد کو ان کی رقم واپس دلوانے میں پورا تعاون کریں گے۔ اسی مقصد کیلئے وہ بنگلور واپس ہورہے ہیں۔ منصور خان نے بتایا کہ ان کی جان خطرہ میں ہے۔ انہیں کہیں بھی کسی بھی وقت قتل کردیا جاسکتا ہے۔ اگر انہیں جیل میں بھی ڈالا جائے وہاں انہیں قتل کیا جاسکتا ہے۔ اس لئے انہوں نے پولیس سے ان کا تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے افراد خاندان بالکل بے گناہ ہیں انہیں ہرگز پریشان نہ کیاجائے۔

YouTube video