آئی اے ایس عہدیدار رجت کمار کیخلاف عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

   

دختر کی شادی کے اخراجات خانگی کمپنی نے ادا کئے، چیف منسٹر کے سی آر کو ریونت ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد۔29۔ جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار رجت کمار کے خلاف الزامات کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری کنٹراکٹر نے رجت کمار کی دختر کی شادی کے 50 لاکھ روپئے کے اخراجات ادا کئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک نامور نیوز پورٹل نے رپورٹ شائع کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ اسپیشل چیف سکریٹری آبپاشی رجت کمار کی دختر کی شادی فائیو اسٹار انتظامات کے ساتھ 17 تا 21 ڈسمبر انجام دی گئی اور بگ ویو انفرا پرائیویٹ لمٹیڈ اور انٹرایکٹیو ڈیٹا سسٹم کمپنیوں کی جانب سے اخراجات کی پابجائی کی گئی۔ یہ دونوں کمپنیاں گورنمنٹ کنٹراکٹر میگھا انجنیئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمٹیڈ سے تعلق رکھتی ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نیوز پورٹل نے جو تفصیلات جاری کی ہیں، انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ کمپنی نے کالیشورم پراجکٹ میں برقی سب اسٹیشن اور ٹرانسمیشن لائینس کی تعمیر کا کام انجام دیا تھا جس کی مالیت کئی سو کروڑ روپئے ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے باوجود چیف منسٹر آفس کی جانب سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی حالانکہ وزارت آبپاشی کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی انتہائی ٹاپ ہوٹلوں میں پانچ دن تک شادی کی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں تاج فلک نما پیالس شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے بلز کی ادائیگی کے وقت پرانے شہر کے بہادر پورہ علاقہ کا فرضی پتہ درج کرایا ہے۔ر
ہوٹل کی بکنگ میں کمپنی کے ٹاپ اگزیکیٹیوز ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو کمپنیوں کے نام پر بلز تیار کئے گئے تھے۔ انہوں نے رجت کمار اور کمپنیوں کے درمیان ملی بھگت کا پتہ چلانے کیلئے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا اہتمام کیا جائے ۔ اگر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو رجت کمار کے خلاف غیر محسوب اثاثہ جات کا مقدمہ درج کیا جائے۔ر