آئی سی سی کی درجہ بندی جاری ، محمد سراج ٹاپ 100 میں شامل

   

دبئی۔ ہندوستانی کارگزار کپتان شکھر دھون اور شریاس ایر کو فائدہ ہوا ہے جبکہ کپتان روہت شرما اور سابق کپتان ویرات کوہلی آئی سی سی مردوں کی ونڈے کی تازہ ترین درجہ بندی میں ایک مقام کا نقصان برداشت کیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ونڈے میں میچ وننگ 97 رنز بنانے والے دھون ایک درجہ ترقی کرکے مشترکہ 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ آئیر جنہوں نے یکے بعد دیگرے دو نصف سنچریاں اسکور کی تھی، 20 درجے ترقی کر کے مشترکہ 54 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ فاسٹ بولر محمد سراج بولروں کی درجہ بندی میں ٹاپ 100 میں شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے لیے اوپنر اور نائب کپتان شائی ہوپ دوسرے میچ میں شاندار 115 رنز بنانے کے بعد تین درجے بہتری کے ساتھ 12 ویں نمبر پر ہیں جبکہ فاسٹ بولر الزاری جوزف دونوں میچوں میں دو دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دو مقام کے فائدہ کے ساتھ 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ونڈے سیریز 1-1 پر ختم ہوئی، اس کا سب سے زیادہ فائدہ پروٹیز اسٹار کوئنٹن ڈی کاک کو ہوا جب وہ دو درجے چھلانگ لگا کر چوتھے نمبر پر آ گئے۔ ڈی کاک نے لیڈز میں سیریزکے آخری میچ کے دوران ناقابل شکست 92 رنز بنائے، جس کا درجہ بندی پر یہ اثر ہوا کہ کوہلی (پانچویں) اور روہت (چھٹے) کی ہندوستانی جوڑی نے ڈی کاک کی کارکردگی کی وجہ سے ایک ایک مقام کا نقصان برداشت کیا ہے ۔

عبداللہ شفیق ریکارڈ بک میں شامل
آئی سی سی مینز ٹسٹ درجہ بندی میں پاکستان کے اوپنر عبداللہ شفیق جنہیں سری لنکا کے خلاف گال میں پہلے ٹسٹ میں اپنی دوسری اننگز میں 160 رنز کی اننگز کھیلنے کے لیے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا اور اپنے پہلے چھ ٹسٹ میں 720 رنز بنائے اوردرجہ بندی میں 23 مقامات کی ترقی کر گئے۔ پاکستانی بیٹر 671 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 16ویں مقام پر پہنچ گیا۔ چھ ٹسٹ کے بعد کسی پاکستانی اس سے قبل سب سے بہترین سعید احمد کے 614 ریٹنگ پوائنٹس تھے اور صرف دو بیٹرس کے چھ ٹسٹ کے بعد اس سے زیادہ پوائنٹس تھے جوکہ سنیل گواسکر (692) اور ڈونلڈ بریڈمین (687) ہیں ۔