حیدرآباد 6 جنوری ( آئی این این ) وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راو نے آج کہا کہ تقریبا 20 سال تک آئی ٹی کا مطلب انفارمیشن ٹکنالوجی رہا ہے لیکن اب یہ انٹلی جنس ٹکنالوجی ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس کی نئی تشریح کی جائے ۔ انہوں نے انجینئرنگ تعلیم کے ماہرین سے ساتویں انٹرنییشنل کانفرنس برائے تبدیلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے تعلیم کے ہر مرحلہ کو معیاری بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریاست میں انجینئرنگ کے جملہ 220 کالجس ہیں جن میں مختلف شعبوں میں 1.2 لاکھ طلبا نے داخلہ لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہوا تو انجینئرنگ کالجس کی حالت ابتر تھی ۔ ہم نے ایک کمیٹی بناتے ہوئے معیار کو بہتر بنانے اقدامات کئے ہیں۔ یہ مشکل کام تھا لیکن حکومت نے اس کو مکمل کیا ہے ۔