ملازمین کو راغب کرنے ویلکم بونس کی پیشکش، کوویڈ 19 کے باوجود آئی ٹی شعبہ مستحکم
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : قابلیت اور تجربہ کی یقیناً اہمیت ہوتی ہے ۔ اور اس کے قدر داں بھی پائے جاتے ہیں ان دنوں انفارمیشن ٹکنالوجی میں قابلیت اور تجربہ کو کافی اہمیت دی جارہی ہے ۔ کوویڈ 19 نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ۔ ہر شعبہ میں افرادی قوت کو گھٹا دیا گیا ۔ کئی ادارے بند ہونے کے در پر پہونچ گئے ۔ معیشت تباہی کے دہانے پر ہے ۔ چھوٹے بڑے کاروباری سبھی متاثر ہوگئے ۔ نوکریاں چلی گئیں ۔ روزگار ختم ہوگئے ۔ روزگار کے مواقع محدود ہوگئے ۔ ہر طرف بے چینی کا ماحول ہے تاہم اس تباہ کن دور میں بھی ایک شعبہ ایسا ہے جو اب بھی یعنی ایک نئے انداز سے روزگار کے مواقع فراہم کررہا ہے ۔ بلکہ قابلیت کی جانچ بھی کررہا ہے اور متاثر کن پیاکیجس کے علاوہ ملازمین کو راغب کرنے کے لیے بونس کی پیشکش بھی کی جارہی ہے ۔ جی ہاں وہ شعبہ انفارمیشن ٹکنالوجی کا ہے ۔ اس شعبہ میں قابلیت اور تجربہ کار ملازمین کو بڑی اہمیت حاصل ہے ۔ کوویڈ 19 کی پہلی لہر کے بعد اس شعبہ سے وابستہ افراد ملازمت کی برقراری کے متفکر تھے ۔ اس شعبہ سے وابستہ افراد کے متعلق یہ بات مشہور ہے کہ آئی ٹی پروفیشنل ہر آئے دن کمپنیاں بدلتے رہتے ہیں ۔ لیکن ان حالات میں پہلی لہر کے بعد کمپنی بدلنا تو دور موجودہ پیاکیج کی برقراری کے تعلق سے فکر مند تھے ۔ لیکن اب دوسری لہر کے بعد آئی ٹی شعبہ کی بہار لوٹ آئی ہے ۔ کمپنیاں آئی ٹی پروفیشنل کو راغب کرنے کی دوڑ میں پڑ گئی ہیں ۔ نئے تقررات کے لیے تشہیر جاری ہے ۔ ایک دوسرے پر سبقت کی دوڑ شروع ہوگئی ہے ۔ اب پیاکیجس کے لحاظ سے کمپنیاں بدلی جارہی ہیں ۔ سینئیر اور تجربہ کار افراد کی قدر دانی میں کمپنیاں کوئی کسر باقی نہیں رکھتی ۔ ’ ویلکم بونس ‘ کی پیشکشی سالانہ لاکھوں میں دی جارہی ہے ۔ انفارمیشن ٹکنالوجی سے وابستہ ایک ملازم کو نئی کمپنی میں شمولیت پر 1 لاکھ 80 ہزار بونس دیا گیا ۔ ایک ملازم نے سالانہ 17 لاکھ کے پیاکیج اور ویلکم بونس کے طور پر مزید تین لاکھ حاصل کئے ۔ کمپنی کے آفر لیٹر سے قبل کمپنی میں شمولیت پر ویلکم بونس دیا جاتا ہے ۔ آئی ٹی کمپنیوں میں یہ رجحان پایا جاتا ہے کہ کمپنیاں ملازمین کو ادارے میں شمولیت کے وقت ہی ویلکم بونس دیا کرتی ہیں۔ لیکن کوویڈ 19 کے حالات کے بعد اس بونس کی رقم میں اضافہ کیا گیا حالانکہ آئی ٹی شعبہ میں تجربہ کار افراد کی کمی نہیں لیکن کمپنیاں ضرورت کے لحاظ سے قابلیت کے استعمال اور ادارے کی افادیت کو دیکھتے ہوئے انہیں بونس کے ذریعہ راغب کیا جاتا ہے ۔۔