ناگپور: بدھ کے روز آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے ناگپور ہیڈکوارٹر میں وجے دشمی کی تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر کوہ پیما سنتوش یادو، مرکزی وزیر نتن گڈکری اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس موجود تھے۔ اس دوران موہن بھاگوت نے کہا کہ آبادی کی پالیسی غور و فکر کے بعد بنائی جانی چاہئے اور اس کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہئے۔آر ایس ایس سربراہ نے کہا ”یہ سچ ہے کہ جتنی زیادہ آبادی ہوگی، اتنا ہی زیادہ بوجھ ہوگا۔ اگر آبادی کا صحیح استعمال کیا جائے تو یہ ایک وسیلہ بن جاتا ہے۔ ہمیں اس بات پر بھی غور کرنا ہوگا کہ ہمارا ملک 50 سال کے بعد کتنے لوگوں کو کھانا کھلا اور سہارا دے سکتا ہے۔ اس لیے آبادی کے حوالے سے ایک جامع پالیسی بنائی جائے اور اس کا اطلاق سب پر یکساں طور پر کیا جائے‘‘۔