حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست کے محکمہ آبپاشی میں انقلابی تبدیلیاں لاتے ہوئے اس کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی محکمہ میں تشکیل تلنگانہ سے قبل اور بعد کی صورتحال میں کافی فرق ہے ۔ اب آبپاشی کی سہولتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف پراجکٹس ، کنالس ، ذخائر آب اور پمپ ہاؤز وغیرہ کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے جس سے محکمہ کے کام میں اضافہ ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں محکمہ آبپاشی کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں محکمہ کی کارکردگی کو مزید موثر اور بہتر بنانے کے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضلع میدک کے گھن پور انی کٹ کا نام بدل کر ونا درگا پراجکٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پاکالا پراجکٹ کے تحت کنال کو بحال کرنے اقدامات کریں۔ رکن اسمبلی نرسم پیٹ کی تجویز پر چیف منسٹر نے کاکتیہ دور کی کنالس کو بحال کرنے سے اتفاق کیا اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس کام کا مکمل تخمینہ تیار کر یں۔