جاریہ ہفتہ دسویں جماعت کے نتائج کی اجرائی کے بھی امکانات
حیدرآباد ۔ 8مئی ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی منگل کو صبح 11بجے انٹر فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر امتحانی نتائج کا اعلان کرینگی ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ واضح رہے کہ 15مارچ سے 5اپریل تک انٹر ریگولر ، ووکیشنل امتحانات کا انعقاد کیا گیا جس میں 9.50 لاکھ طلبہ نے شرکت کی تھی ، جوابی پرچوں کی جانچ 20دن میںمکمل ہوگئی ۔ عام طور پر امتحانات کی تکمیل کے ایک ماہ بعد نتائج کا اعلان کیا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ کچھ تاخیر ہوئی ہے ۔ امتحانات کی تکمیل کے 40 دن بعد نتائج کا اعلان جارہا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ احتیاط کے ساتھ جوابی بیاضات کی جانچ کی گئی اور دوبارہ گنتی ہوئی ۔ گزشتہ سال نتائج کی اجرائی میں غفلت اور لاپرواہی سے طلبہ پریشان ہوئے تھے جس کی وجہ سے مکمل اطمینان کے بعد نتائج جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اسکے علاوہ اسی ہفتہ دسویں کے نتائج بھی جاری ہونے کے امکانات ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ پرچوں کی جانچ کا عمل اور نتائج کی اجرائی کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ کہا جارہا ہے کہ انٹر نتائج کی اجرائی کے دو تین دن بعد دسویں جماعت کے نتائج کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ 3 تا 11اپریل دسویں کے سالانہ امتحانات کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ن