آج بھارت بند کو کامیاب بنانے کی اپیل

   

شرجیل امام کی گرفتاری کی شدید مذمت ، مشتاق ملک کا بیان
حیدرآباد۔28جنوری(سیاست نیوز) جوائنٹ ایکشن کمیٹی مخالف سی اے اے ‘ این آرسی اور این پی آر نے بہوجن مکتی مورچہ کے 29جنوری کے روز معلنہ بھارت بند کی مکمل تائید وحمایت کا اعلان کیا اور تلنگانہ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بند کو پوری طرح کامیاب بنائیں۔ منگل کی شام تحریک مسلم شبان کے دفتر میںمنعقدہ مذکورہ جے اے سی کے اجلاس کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے چیرمن جے اے سی اور صدرشبان جناب محمد مشتاق ملک نے کہاکہ سی اے اے ‘ این آرسی اور این پی آر کے متعلق چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے جو بیان دیاہے اس کی ستائش کی جاتی ہے مگر انہوں نے پولیس کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ دلت لیڈر چندرشیکھر آزاد کو پولیس نے حیدرآباد میں سی اے اے ‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرنے نہیںدیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس کی اس رویہ سے سارے ملک میںتلنگانہ پولیس پر تنقید کی جارہی ہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ جے اے سی کے زیراہتمام 48گھنٹوں کے لئے خواتین کے احتجاجی دھرنے کو اجازت دینے کے بعد منسوخ کردیا گیا۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہاکہ سیاسی دبائو میں پولیس نہ صرف جے اے سی بلکہ مخالف سی اے اے ‘ این آرسی اور این پی احتجاج کو شہر حیدرآباد میںہونے سے روکنے کاکام کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد جے اے سی خواتین کے 48گھنٹوں کے لئے درالشفاء میدان میںاحتجاجی دھرنے کی اجازت کے لئے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے گی ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اس کے علاوہ جے اے سی نے 15روزہ پروگرام تشکیل دیاہے جو مذکورہ سیاہ قوانین کے خلاف ہوگا اور اس میںخواتین کے تمام پروگرام علیحدہ طور پر منعقد کئے جائیںگے۔جناب محمد مشتاق ملک شرجیل امام کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی ہے اور کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے لائے جانے والے سیاہ قوانین کے خلاف جاری احتجاج کو سبوتاج کرنے اور اس کو دوسرے رنگ دینے کے لئے حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہو ںنے کہاکہ مفاد حاصلہ کا مذموم پروپگنڈہ ہے کہ جے اے سی بکھر گئی ہے مگر یہ حقیقت نہیںہے آج کے اجلاس میں وہ تمام لوگ شامل رہے جو روز اول سے جے اے سی کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ سارے ملک میںبدنامی کا سبب بن رہے پولیس کو رویہ پر حکومت کوغور کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آنے والے دنوں میں جے اے سی کے 15روزہ پروگرام کا تورایخ کے ساتھ اعلان کیاجائے گا۔