آج HAL اور دیگر بڑی کمپنیوں کے پاس ملازمین کو ادا کرنے تنخواہیں بھی نہیں : احمد پٹیل

   

نئی دہلی۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس قائد احمد پٹیل نے ہفتہ کے روز وزیراعظم نریندر مودی پر پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ کمپنیوں جیسے HAL اور ONGC کے اثاثوں کو محض کچھ چنندہ افراد کیلئے مختص کرنے کا الزام عائد کیا۔ پٹیل نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ HAL 1000 کروڑ روپئے قرض لے رہی ہے، کیونکہ اس کے پاس اپنے ملازمین کو تنخواہ ادا کرنے کی رقم بھی نہیں ہے۔ یاد رہے کہ پٹیل کا ٹوئیٹ ایک ایسے وقت آیا ہے جب صرف ایک روز قبل یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ کو خطیر رقومات اُدھار لینے پر مجبور ہونا پڑا ہے کیونکہ اس کے پاس اپنے ملازمین کو ادا کرنے تنخواہ کی رقم بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف HAL ، ONGC کی ہی نہیں بلکہ LIC،HPCL، GSPC اور دیگر پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس کا بھی یہی حال ہے جن کے اثاثے چنندہ لوگوں تک محدود ہیں۔ کانگریس نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ حکومت HAL پر امبانی کی کمپنی کو زیادہ ترجیح دے رہی ہے جو دراصل رافیل طیارہ کے معاہدہ کی وجہ سے ہورہا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت اور امبانی نے کانگریس کے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔