بصورت دیگر ماہانہ 600روپئے کے حساب سے 9ماہ کے 5400 روپئے پانی کے بلز وصول کئے جائیں گے
حیدرآباد : 2اگست ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں مفت پانی سربراہی اسکیم کیلئے آدھار نمبر مربوط کرنے کی مہلت 15 اگست کو ختم ہوجائے گی ۔ مہلت ختم ہونے سے قبل آدھار نمبر مربوط کرنے پر 9ماہ کے پانی کے بلز ادا کرنا پڑے گا ۔ گریٹر حیدرآباد میں 10.60لاکھ نل کے کنکشن ہیں تاحال 5.5 لاکھ افراد نے اپنے نل کنکشنس کو آدھار نمبر سے منسلک کیا ہے ۔ مزید 4.5 لاکھ عوام کو اپنے آدھار نمبر مربوط کرنا ہے ، مہلت ختم ہونے سے قبل آدھار نمبر کو مربوط نہ کرنے والوں سے ماہانہ 600 روپئے کے حساب سے 9ماہ کے 5,400 روپئے کے بلز وصول کئے جائیں گے ۔ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ زیادہ تر اپارٹمنٹس میں رہنے والے افراد نے اپنے نلوں کے کنکشنس کو آدھار سے مربوط نہیں کیا ہے بلکہ وہ لاپرواہی اور غفلت سے کام کررہے ہیں ۔ اپارٹمنٹس میں رہنے والے تمام فلیٹس کے مالکین کو یہ عمل مکمل کرنا ہے ۔ غفلت سے کام کرنے والوں کو 9ماہ کے بلز ادا کرنے پڑیں گے ۔ سلم علاقوں میں رہنے والے عوام کے پاس پہنچ کر حیدرآباد میٹرو پولیٹین واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ اس عمل کو مکمل کرنے میں عوام کے ساتھ مکمل تعاون و اشتراک کررہا ہے ۔ ماباقی آبی صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حیدرآباد واٹر جی او کی ویب سائٹ پر رابطہ پیدا کریں انہیںقریبی می سیوا مراکز پہنچ کر آدھار کارڈ کو نل کے کنکشن سے مربوط کرنے کے عمل کو تکمیل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ حکومت نے جی ایچ ایم سی کے حدود میں ماہانہ 20ہزار لیٹر مفت پانی سربراہ کرنے کی اسکیم کو متعارف کیاہے جس کیلئے مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے تحت آبی صارفین کو اپنا آدھار نمبر پانی کے میٹر سے لازمی طور پر مربوط کرنا ہے ۔ اس اسکیم کو ابھی تک حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے چار مرتبہ توسیع دی گئی ہے لیکن آبی صارفین کی جانب سے اس اسکیم سے استفادہ اٹھانے کے معاملے میں لاپرواہی اور غفلت سے کام لیا جارہا ہے ۔