نئی دہلی۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے آج بجٹ سیشن کے پہلے روز صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی تنسیخ پر ہندوستان کے عوام میں خوشی ہے کیوں کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو بقیہ ملک کے مساوی حقوق حاصل ہوئے ہیں۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ پارلیمنٹ نے نریندر مودی کی سربراہی میں نئی حکومت کے ابتدائی سات ماہ میں کئی سنگ میل قانون سازیوں کو نافذ العمل لاتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ’’میری حکومت اس دہے کو ہندوستان کا دہا اور اس صدی کو ہندوستان کی صدی بنانے کیلئے مضبوط اقدامات کررہی ہے۔‘‘ کووند نے پاکستان میں اقلیتوں کے خلاف مظالم کی مذمت بھی کی اور بین الاقوامی برادری سے ضروری کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ صدر نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ اور محکمہ فوجی امور کی تشکیل مسلح افواج کی تینوں خدمات میں تال میل پیدا کرے گی اور ان کی جدید کاری میں تیزی لائے گی۔ کووند نے یہ بھی کہا کہ حکومت خواتین کی سلامتی کیلئے کام کررہی ہے اور خواتین کے خلاف جرم کے کیسوں سے نمٹنے کیلئے زائد از 1000 فاسٹ ٹریک کورٹس قائم کرے گی۔