آرٹی سی ملازمین اپنی ہڑتال کی نوٹس واپس لے لیں

   

اے پی کے وزیر ٹرانسپورٹ اچن نائیڈو
حیدرآباد25جنوری(یواین آئی) آندھراپردیش کے وزیر ٹرانسپورٹ اچن نائیڈو نے خواہش کی ہے کہ مالی صورتحال کے پیش نظر آرٹی سی ملازمین اپنی ہڑتال کی نوٹس واپس لے لیں۔وجئے واڑہ میں کیمپ آفس میں آرٹی سی کی مشترکہ حکمت عملی کمیٹی کے نمائندوں کے ساتھ ہوئی بات چیت کے موقع پر آرٹی سی ورکرس کے مطالبات پر مبنی میمورنڈم ان کو حوالے کیاگیا جس میں کہا گیا ہے کہ آرٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے ،سبکدوشی کی عمر 60برس کی جائے ۔ساتھ ہی زیرالتوا80فیصداضافی اجرت کے بقایہ جات فوری جاری کرنے کی بھی خواہش کی گئی۔ورکرس کی یونین کے لیڈر چندرئیا نے کہا کہ آرٹی سی کے ورکرس کے بقایہ جات کی فوری ادائیگی کی وزیرموصوف سے درخواست کی گئی ہے ۔اس موقع پر وزیر اچن نائیڈو نے کہا کہ یونین کے نمائندوں نے پانچ مطالبات سامنے رکھے ہیں۔آرٹی سی کومنافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے ، مالی طورپر مستحکم کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔نشستوں کی تعداد کے لحاظ سے مسافرین کی تعداد کو بھی بڑھانے کی مساعی کی جارہی ہے ۔اس میں ورکرس کا رول بھی کافی اہم ہے ۔