آر آر فاؤنڈیشن کی جانب سے میڈیا ایوارڈز کا اعلان

   


حیدرآباد۔ کورونا بحران کے دوران میڈیا نمائندوں نے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر تازہ ترین حالات سے عوام کو باخبر رکھنے کی کوشش کی ہے۔ صحافیوں کی ان خدمات کو بین الاقوامی سطح پر ڈبلیو ایچ او سے لے کرریاستی حکومت کی جانب سے شہر کی سطح تک پذیرائی ملی ہے اور اسی تناظر میں آر آر فاؤنڈیشن نے میڈیا ایوارڈزکا اعلان کیا ہے۔ حیدرآباد کے مشہور فوٹو جرنلسٹ محمد عبدالرحیم اور ان کے بڑے فرزند محمد عبد الرحمن کی یاد میں قائم کردہ ادارہ آرآر فاؤنڈیشن جوکہ کئی ایک فلاحی خدمات بھی انجام دیتا ہے اس نے اس مرتبہ میڈیا ایوارڈکا اعلان کیا ہے۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ محمد عبدالرحیم نے نام سے آئی این پی آر کا بہترین فوٹوگرافر کا ایوارڈ بھی دیا جاتا ہے جس کی انعامی رقم دو لاکھ روپئے نقد ہوتی ہے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کیلئے مختلف زمرہ جات ہیں جن میں اردوصحافیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان ایوارڈز کے لئے ابتدائی طور پر2 لاکھ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ میڈیا ریلیز کے بموجب ایوارڈ کے زمرے اردو، ہندی، تلگو اور انگریزی کے تحت تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ ایوارڈ کی رقم میں اضافہ بھی ممکن ہے۔ یہ ایوارڈز تلگو نئے سال اُگادی کے موقع پر دیئے جائیں گے جبکہ ایوارڈ کے لئے اہل صحافیوں کے انتخاب کیلئے کمیٹی، ایوارڈ کے لئے اہلیت اور صحافیوں سے درخواست قبول کرنے کے لئے اُصول و ضوابط کا عنقریب اعلان متوقع ہے۔