مہاراشٹرا انتخابات
نئی دہلی: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں صرف ایک ماہ باقی رہ گیا ہے، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت اتحاد کے حق میں رائے عامہ بنانے آؤٹ ریچ پروگرام شروع کیے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ سنگھ نے اپنی تمام شراکت دار تنظیموں کے ساتھ عوام سے بات کرنا شروع کر دی ہے۔ایک ذریعہ نے میڈیا کوبتایا کہ ’ ٹیمیں ریاست میں تشکیل دی گئی ہیں ۔ انہوں نے اپنے علاقوں میں لوگوں کو پیغامات پہنچانا شروع کر دیے ہیں۔ذریعہ نے وضاحت کی کہ ہر گروپ 5-10 افراد کے چھوٹے گروپوں سے ملاقاتیں کر رہا ہے اور اپنے علاقوں و محلوں میں خاندانوں کے ساتھ بات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگھ کی ٹیمیں ان اجلاسوں میں براہ راست بی جے پی کی حمایت نہیں کرتی ہیں بلکہ قومی مفاد، ہندوتوا، گڈ گورننس، ترقی، عوامی بہبود اور مختلف مقامی مسائل پر بات کے ذریعے عوام کی رائے کو تشکیل دیتی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ گروپ بنانے سے پہلے سنگھ اور دیگر تنظیموں نے حکمت عملی تیار کرنے ریاست میں ہر سطح پر رابطہ اجلاس منعقد کیے تھے۔