آر ٹی آئی پر حکومت ناکام، معلومات چھپانے کا الزام

   

اہم جی اوز ویب سائٹ سے غائب ، ٹینڈرس اور فنڈز کی تفصیلات خفیہ : داسوجو شراون
حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ایم ایل سی ڈاکٹر داسوجو شراون کمار نے قانون ساز کونسل میں ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت حق اطلاعات قانون (RTI) کو موثر نفاذ میں ناکام رہی ہے اور عوام سے اہم معلومات چھپائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی ویب سائٹ پر اہم سرکاری احکامات (GOs) خاص طور پر ٹینڈرس اور فنڈز کی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ جبکہ معمولی نوعیت کے احکامات ہی اَپ لوڈ کئے جارہے ہیں۔ جس سے شفافیت متاثر ہورہی ہے۔ شراون کمار نے کہا کہ ریاست میں 95% سے 98% آر ٹی آئی درخواستیں زیرالتواء ہیں جو حکومت کی لاپرواہی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 12 ہزار سے زائد پبلک انفارمیشن آفیسر (PIOs) ہونے کے باوجود 200 سے کم محکمے آن لائن پورٹل سے جڑے ہیں۔ HMDA – GHMC اور HYDRA جیسے اداروں سے معلومات مانگنے پر بھی بروقت جواب نہیں مل رہا ہے۔ حتی کہ عوامی نمائندوں کے مکتوبات اور درخواستوں کو بھی نظرانداز کیا جارہا ہے۔ داسوجو شراون نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور حکومت کو آر ٹی آئی ایکٹ پر موثر عمل آوری کیلئے سخت ہدایات جاری کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس صورتحال سے نہ صرف عوام بلکہ منتخب نمائندے بھی متاثر ہورہے ہیں کیونکہ انہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔2