آر ٹی سی مسئلہ پر گورنر کو گمراہ کرنے کا الزام

   

گچی باؤلی فلائی اوور کا حادثہ افسوسناک ، تلگو دیشم تلنگانہ صدر ایل رمنا کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا نے چیف منسٹر پر آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ ناانصافی کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ہڑتال کے مسئلہ پر کے سی آر نے ریاستی گورنر کو غلط باور کرانے کی کوشش کی ہے۔ پارٹی کے رکن پولیٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایل رمنا نے کہا کہ چیف منسٹر نے گورنر سے ملاقات کے دوران حکومت کے موقف کو درست قرار دینے کی کوشش کی ہے ۔ جبکہ ہزاروں ملازمین اپنے جائزہ مطالبات کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کروڑ روپئے مالیتی آر ٹی سی کی املاک کو لیز پر دینے تیاری کی جارہی ہے ۔ آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی کے واقعات کے لئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ایل رمنا نے کہا کہ چیف منسٹر اور کسی بھی وزیر نے خودکشی کے واقعات پر افسوس کا اظہار تک نہیں کیا اور نہ ہی متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ نے آر ٹی سی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دینے سے گریز کیا اور معاملہ کو لیبر کمشنر نے رجوع کردیا گیا ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین کو غیر مشروط طور پر رجوع بکار ہونے کا موقع فراہم کریں۔ ایل رمنا نے تلنگانہ تحریک کے دوران چیف منسٹر کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین سے کئے گئے وعدوں کو یاد دلایا اور کہا کہ چیف منسٹر کو اپنے وعدوں کی تکمیل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ پولیس کا رویہ غیر انسانی ہے ۔ احتجاج کرنے والے ملازمین کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ۔ ایل رمنا نے کہا کہ کے سی آر 80,000 کتابیں پڑھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے لیکن افسوس کہ وہ ملازمین کی مشکلات اور تکالیف کو پڑھنے میں ناکام ہوگئے۔ انہوں نے گچی باؤلی فلائی اوور پیش آئے حادثات کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ حادثات کی روک تھام کیلئے حکومت نے احتیاطی قدم نہیں اٹھائے۔ انہوں نے حادثہ کے زخمیوں کے علاج کے لئے حکومت کی جانب سے اقدامات کا مطالبہ کیا ۔