آر ٹی سی ملازمین حکومت سے تعاون کریں : محمود علی

   

عوام کوسہولتوں کی فراہمی حکومت کا مقصد، ایم ایس پربھاکر نے گورنمنٹ وہپ کا عہدہ سنبھال لیا
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ وہپ کے عہدہ کا آج ایم ایس پربھاکر نے جائزہ حاصل کیا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ٹی آر ایس کے دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ نائب صدر نشین قانون ساز کونسل این ودیا ساگر راؤ نے ایم ایس پربھاکر کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ محکمہ پولیس عوام کی خدمت کیلئے ہے اور انہیں اپنے مسائل کیلئے رجوع ہونے والے افراد کے ساتھ بہتر رویہ اختیار کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے سبب عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے محکمہ پولیس اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین سے اپیل کی کہ وہ حکومت سے تعاون کریں اور ہڑتال سے دستبرداری اختیار کریں۔ محمود علی نے کہا کہ حکومت عوام کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ پولیس کی نگرانی میں بسوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے تاکہ عوام کی آمدورفت میں دشواری نہ ہو۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین اور یونین کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ مطالبات کی یکسوئی کیلئے حکومت کو موقع دیں اور ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کردیں۔ محمود علی نے کہا کہ اگر حکومت کے اقدامات میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو ضروری کارروائی جائے گی۔