آر ٹی سی ڈرائیور کی خودسوزی کے اندرون 24 گھنٹے کنڈاکٹر کی خودکشی

,

   

کلثوم پورہ میں کنڈیکٹر سدرشن گوڑ نے پھانسی لے لی، حکومت کے مبینہ سخت رویہ سے دلبرداشتہ، ارکان خاندان کا دعویٰ

حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ ہڑتال سنگین رُخ اختیار کرتی جارہی ہے کیونکہ کھمم کے آر ٹی سی بس ڈرائیور سرینواس ریڈی کی خود سوزی کے اندرون 24 گھنٹے ایک اور آر ٹی سی بس کنڈکٹر نے اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق رانی گنج بس ڈپو سے تعلق رکھنے والے کنڈکٹر بی سریندر گوڑ ساکن کلثوم پورہ بھانجی واڑی نے آج انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے مکان میں پھانسی لے لی۔ متوفی کنڈکٹر کے ارکان خاندان نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ سدرشن گوڑ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے دوران حکومت کے سخت رویہ سے دلبرداشتہ ہوگیا تھا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سریندر گوڑ جو رانی گنج بس ڈپو کی 49M بس روٹ کا کنڈکٹر تھا اپنی نوکری کی بنیاد پر مکان کی تعمیر کیلئے ہوم لون حاصل کیا تھا اور ہڑتال کے اعلان کے بعد چیف منسٹر کی جانب سے ملازمت سے برطرفی کے فیصلہ اور غیر یقینی صورتحال سے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کیا۔ اس کے ارکان خاندان نے سریندر کو مہدی پٹنم میں واقع ایک خانگی دواخانہ منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی توثیق کی۔ پولیس کلثوم پورہ نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے سریندر گوڑ کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا جہاں اس کا کل پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔قبل ازیںکھمم کے آر ٹی سی ڈرائیور سرینواس ریڈی جو گزشتہ روز خودسوزی کے بعد شدید زخمی ہوگیا تھا ، کنچن باغ کے اپولو ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا، اس کی موت کی اطلاع تیزی سے پھیل گئی جس کے ساتھ ہی آر ٹی سی ملازمین کے علاوہ یونین لیڈرس اور سیاسی جماعتوں کے قائدین وہاں پہنچ گئے۔ ملکاجگیری کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور کانگریس لیڈر ہنمنت راؤ بھی ان قائدین میں شامل ہیں۔