4035 خصوصی بسوں کا انتظام ، قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر 19 کاریں ضبط
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے بتکماں دسہرہ تہواروں کے پیش نظر عوام کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک سفر کرنے کے لیے 4035 خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں اور ان خصوصی بسوں میں سفر کے لیے مسافرین سے کوئی اضافی فیس بھی وصول نہیں کی جارہی ہے ۔ جس پر عوام کا مثبت ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ ان 8 دن کے دوران آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ 2.04 کروڑ عوام نے آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ سفر کیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ محفوظ اور آرام دہ سفر کے لیے عوام آر ٹی سی بسوں کو ترجیح دے رہے ہیں اور تمام بس اسٹانڈس عوام کے ہجوم سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں ۔ آر ٹی سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ حیدرآباد سے تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ دوسری ریاستوں کے لیے خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں اور اہم پوائنٹس پر مسافرین کی رہنمائی کے لیے آر ٹی سی کے سینئیر عملہ کی خدمات فراہم کی گئی ہے ۔ کسی مقام کا سفر کرنے کے لیے مسافرین کی زیادہ تعداد ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اس کی اعلیٰ عہدیداروں کو اطلاع دی جارہی ہے اور ان مقامات کو روانہ ہونے کے لیے بسوں کے انتظامات بھی کرائے جارہے ہیں ۔ دوسری جانب آر ٹی سی ویجلنس عہدیدار مقامی آر ٹی اے اور پولیس عملہ کے ساتھ تنقیح کی جارہی ہے ۔ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ذاتی گاڑیوں ( سفید نمبر پلیٹ ) گاڑیوں سے مسافرین کو منتقل کرنے والی کاروں اور دوسری گاڑیوں کو ضبط کیا جارہا ہے ۔ گذشتہ دو دن کے دوران 19 کاروں کو ضبط کیا گیا ہے ۔ آج مزید 889 خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں ۔۔ ن