آر ٹی سی کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے ڈپوز میں کنٹرول روم کا قیام : وزیر ٹرانسپورٹ

   

ڈی ایس پیز انچارجس مقرر ، حسب معمول بس شروع کرنے کی تجویز ، اضافی رقم وصولی پر سخت کارروائی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں گذشتہ چھ یوم سے جاری ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ مدت کی بس ہرتال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ہر آر ٹی سی بس ڈپو میں ایک کنٹرول روم کا قیام عمل میں لاتے ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو انچارج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مقررہ شیڈول کے مطابق بسیں چلانے کے علاوہ بسوں میں زائد چارجس وصول کرنے والے کنڈکٹرس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ۔ ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال ، ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر اجئے کمار اور پرنسپال سکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ مسٹر سنیل شرما نے آج ضلعی آر ٹی سی ریجنل منیجرس و ڈیویژنل منیجرس کے علاوہ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت ان اقدامات سے واقف کروایا اور بتایا کہ عوام کو سفر کرنے میں کوئی مشکلات پیش نہ آنے کے لیے بسیں چلائی جارہی ہیں اور بسوں میں زائد چارجس کی وصولی سے متعلق وصول ہونے والی شکایات پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور مقررہ چارجس سے ایک روپیہ بھی زائد وصول کئے جانے کی صورت میں متعلقہ افراد ( کنڈکٹرس وغیرہ ) کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر بس میں کرایہ کی شرحوں پر مشتمل بورڈ آویزاں کیا جائے گا جب کہ کسی بھی شکایات یا زائد بس چارجس کی وصولی وغیرہ پر نظر رکھنے کے لیے ہر بس ڈپو میں ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں بس کرایوں کی شرح پر مشتمل آویزاں کیے جانے والے بورڈز پر کنٹرول روم کے نمبرس درج کئے جائیں گے تاکہ کوئی بھی شکایات ان ٹیلی فون نمبرس پر درج کرواسکیں ۔ وزیر نے بتایا کہ 14 اکٹوبر سے ریاست بھر میں تعطیلات کے بعد دوبارہ اسکولوں کی کشادگی عمل میں آنے کے پیش نظر مقررہ شیڈول کے مطابق بسیں چلانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ جب کہ ملازمین آر ٹی سی کی ہڑتال سے قبل بس ڈپوز سے بسوں کی روانگی کا جو شیڈول ہے اسی شیڈول کے مطابق 11 اکٹوبر بروز جمعہ سے بسیں چلائی جائیںگی اور تمام آر ٹی سی بسوں میں تمام بس پاسیس کو جوں کا توں قبول کر کے سفر کی اجازت دینے کے احکامات بھی دئیے گئے ہیں ۔ ملازمین کی ہڑتال شروع ہونے کے ساتھ ہی گذشتہ چار پانچ یوم کے دوران آر ٹی سی پرائیوٹ بسوں کے علاوہ دیگر بسیں چلاتے ہوئے مسافروں کو ان کے مقامات تک پہونچانے کے اقدامات کئے گئے تھے ۔ اسی طرح اب انہیں واپسی سفر میں بھی کوئی مشکلات پیش نہ آنے کے لیے مناسب انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست بھر میں 14 اکٹوبر سے مدارس کی دوبارہ کشادگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے جاری ہڑتال کے ختم نہ ہونے کی صورت میں کوئی اور متبادل اقدامات کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔۔