آر ٹی سی کی ہڑتال کے بعد سے میٹرو ریل کی آمدنی میں اضافہ

,

   

۔40 کروڑ ماہانہ کا نشانہ عبور ، 14 لاکھ اسمارٹ کارڈ خریدار
حیدرآباد۔4مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ہندستان کی دوسری بڑی میٹرو خدمات کی سطح آمدنی عبور ہونے لگی ہے اور حیدرآباد میٹرو ریل کو ماہانہ 40 کروڑ روپئے حاصل ہورہے ہیں جس میں 30کروڑ روپئے مسافرین کے ٹکٹ سے ہونیوالی آمدنی ہے جبکہ مابقی 10کروڑ روپئے دیگر ذرائع سے ہونے والی آمدنی ہے۔ریاست میں ہوئی بس ہڑتال کے دوران حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات کو زبردست فائدہ حاصل ہوا ہے اور شہر حیدرآباد میں بس ہڑتال کے دوران بس کے ذریعہ سفر کرنے والے مسافرین نے میٹرو ریل کے سفر کو ترجیح دیتے ہوئے سفری ضرورتوںکے لئے میٹرو کا استعمال شروع کیا جس کے نتیجہ میں حیدرآباد میٹرو ریل کے مسافرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے اور کہاجا رہاہے کہ بس ہڑتال طویل مدت تک جاری رہنے کے سبب حیدرآباد میٹرو ریل کے مسافرین کی تعداد میں اضافہ کی بنیادی وجہ وقت پر پہنچنے اور وقت پر ٹرین کی سہولت ہے ۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے جاری کئے جانے والے اسمارٹ کارڈ حاصل کرنے والوں کی تعداد 14لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔مسٹر این وی ایس ریڈی منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے بتایا کہ اندرون دو برس حیدرآباد میٹرو ریل نے سطح آمدنی کو عبور کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے اور دہلی میٹرو کے بعد ملک میں حیدرآباد میٹروریل دوسری بڑی میٹروخدمات ہے جو کہ 69 کیلو میٹر پر محیط ہے۔انہو ں نے بتایا کہ عام طور پر اس طرح کے پراجکٹس کو سطح آمدنی تک پہنچنے کیلئے 7تا8برس درکار ہوتے ہیں جوکہ قرضہ جات کی ادائیگی کے ساتھ تکلیف کا سبب بنتے جاتے ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے فی الحال روزانہ 55ٹرین چلائی جا رہی ہیں جو کہ یومیہ 1000 ٹرپ کرتی ہیں۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل سے روزانہ 4لاکھ افراد سفر کر رہے ہیں جو کہ حیدرآباد میٹرو ریل کی سرپرستی کرتے ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے جلد ہی مزید دو ٹرینوں کے آغاز کا منصوبہ ہے اور کہاجا رہاہے کہ ان ٹرینوں کی شروعات کے بعد مسافرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ منیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق اندرون 10 یوم مزید دو ٹرینوں کی شروعات کردی جائے گی۔ جوبلی بس اسٹیشن میٹرو راہداری جو کہ چند یوم قبل شروع کی گئی ہے اس پر یومیہ 25ہزار مسافرین کی تعداد ریکارڈکی جا رہی ہے۔ عہدیداروںنے بتایا کہ تعطیل کے ایام اوراتوار کے دن مسافرین کی تعداد میں معمولی گراوٹ ریکارڈ کی جاتی ہے اور ان دنوں میں 3.8لاکھ مسافرین میٹرو کی خدمات سے استفادہ کرتے ہیں۔مسٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ مستقبل قریب میں مسافرین کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کی توقع ہے اور حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے ان امور کو نظر میں رکھتے ہوئے خدمات انجام دی جارہی ہیں اور خدمات میں توسیع کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جا رہاہے۔انہو ںنے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کے ذریعہ 2سال کی مدت میں 16کروڑمسافرین نے استفادہ کیا ہے۔