آر ٹی سی کے ایر کنڈیشن بس کرایوں میں تخفیف کا امکان

   

سفارشات ایم ڈی کو پیش ، مسافروں کی تعداد بڑھانے پر توجہ
حیدرآباد ۔ /25 ڈسمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد شہر میں آر ٹی سی کے ایرکنڈیشنڈ میٹرو لکژری بسوں کے موجودہ کرایوں میں کمی کرنے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن عہدیداران سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے سفارشات انچارج منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر سنیل شرما کو روانہ کردی ہیں ۔ آر ٹی سی ذرائع کے مطابق یکم / جنوری سے ہی سال نو کے تحفہ کے طور پر ایرکنڈیشنڈ بسوں میں سفر کرنے والے مسافروں کیلئے خوشخبری دیتے ہوئے نئے مقرر کئے جانے والے کرایوں پر عمل آوری کی قوی توقع ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق فی الوقت گریٹر حیدرآباد شہر میں ایرکنڈیشنڈ (20) بسیس چلائی جارہی ہیں ۔ ان بسوں کی والوو کمپنی کے ذریعہ پانچ سال خریدی کی گئی تھی اور ان بسوں کو لنگم پلی تا ایل بی نگر ، لنگم پلی تا دلسکھ نگر سکندرآباد تا ایرپورٹ ، سکندرآباد تا ایل بی نگر و دیگر مقامات تک چلایا جارہا ہے ۔ ایرکنڈیشنڈ بسوں میں فی الوقت لنگم پلی تا ایل بی نگر بس کرایہ (110) روپئے ہے اور لنگم پلی تا دلسکھ نگر کیلئے بس کرایہ (80) روپئے پایا جاتا ہے ۔ جبکہ میٹرو ریل کے مقابلہ میں ایرکنڈیشنڈ بسوں کا کرایہ زیادہ پایا جاتا ہے ۔ جس کی وجہ سے ایرکنڈیشنڈ بسوں میں مسافرین کی کم تعداد سفر کررہی ہے اور اے سی بسیس خالی دکھائی دے رہی ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق موجودہ (110) روپئے پائے جانے والے بس کرایہ میں کمی کرتے ہوئے (75) روپئے اور (80) روپئے بس کرایہ کو کم کرکے (50) روپئے کئے جانے کا امکان ہے ۔ اس طرح ایرکنڈیشنڈ بسوں میں موجودہ اقل ترین کرایہ (20) روپئے جوں کا توں برقرار رکھا جائے گا اور تین اسٹاپس کے بعد بس کرایہ پر نظرثانی کی جاسکتی ہے ۔ جس کے باعث مسافرین دوبارہ ایرکنڈیشنڈ بسوں میں سفر پر اپنی ترجیح دینے کی قوی توقع کی جارہی ہے ۔