آر ٹی سی کے حکومت میں انضمام کیلئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل : پونم پربھاکر

   

حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہاکہ تلنگانہ آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا معاملہ خصوصی کمیٹی کے زیرغور ہے۔ حکومت نے انضمام کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد حکومت اِس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ قانون کے مطابق آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 29 ستمبر 2023ء کو کمیٹی تشکیل دی گئی جسے مختلف نکات کا جائزہ لیتے ہوئے جلد سے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کو کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ حیدرآباد میں الیکٹرک بسوں کی تعداد میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے پربھاکر نے کہاکہ ستمبر 2026ء تک مزید 940 الیکٹرک بسوں کا اضافہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ الیکٹرک بسوں کی شمولیت سے آر ٹی سی ملازمین کے روزگار کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ آر ٹی سی نے بہتر کارکردگی کے ذریعہ 2025-26ء میں 954 کروڑ کا منافع حاصل کیا ہے۔1