حکومت کا ہٹ دھرمی کا رویہ ، کودنڈا رام، ویرا بھدرم اور چاڈا وینکٹ ریڈی کی مذمت
حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی مطالبات کی یکسوئی تک ہڑتال کی تائید جاری رکھے گی۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ آر ٹی سی کی ہڑتال ریاست میں اہم تبدیلیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج کرنے والوں کے ساتھ حکومت کا ہٹ دھرمی کا رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے پولیس کے استعمال کی مذمت کی اور کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کبھی بھی عوامی احتجاج کو پولیس اور طاقت کے ذریعہ کچلا نہیں جاسکتا۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے کریم نگر میں خودکشی کرنے والے آر ٹی سی ملازم کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا۔ ان کے ہمراہ سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ اسی دوران سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے آر ٹی سی ہڑتال کی یکسوئی کیلئے مرکز سے مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے رویہ کے خلاف سیاسی جماعتیں اور عوامی تنظیمیں مسلسل احتجاج کررہی ہیں۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ملازمین کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ سے قبل حکومت کو نیند سے بیدار ہونا چاہیئے۔ ہزاروں خاندانوں کو معاشی بحران سے دوچار کرتے ہوئے سڑکوں پر لادیا گیا ہے۔ سی پی ایم نیو ڈیموکریسی کے قائد چلپتی راؤ نے آر ٹی سی کو خانگیانے کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نظر آر ٹی سی ملازمین کے مسائل پر نہیں بلکہ آر ٹی سی کے اثاثہ جات پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی کے واقعات دراصل سرکاری قتل ہے۔