آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب ، جگتیال کا کلاک ٹاورمرکز توجہ

   

مختلف سرکاری دفاتر ،اسکولس، بس ا سٹانڈز اور دیگر مقامات پر برقی قمقموں سے منور

جگتیال :وطن عزیز کی آزادی کے 75سال مکمل ہونے پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہر گاؤں میں ہندوستان کی آزادی وجراوتسوا کی تقریب منعقد کرنے پر زور دیااورملک کی آزادی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کا پورے جوش و خروش کے ساتھ آغاز ہوچکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم آزادی تقاریب بھرپورجوش اور جذبے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وہیں بلدیہ کی جانب سے شہر بھر کی شاہراؤں ‘ مختلف چوراہوں کو جشن آزادی کے حوالے سے برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔ مختلف سرکاری محکموں اورا سکولوں میں تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ شہرکے نیو بس اسٹانڈ چوارہے‘ پرانا بس اسٹانڈ چوراہے اور سرکاری دفاتر کو رنگے برنگے قمقموں سے سجا دیا گیاہے ۔ جس وجہ سے ہر طرف ترنگا کی روشنیاں پھیل رہی ہے ۔ سب خوبصورت منظر شہر جگتیال کے قلب میں واقع تاریخی کلاک ٹاور‘ ( گھڑیال) کا ہے جس کو ترنگے کے رنگ برقی لائٹس اور قمقموں سے سجایا گیاہے ۔ جس کے بعد ٹاور کی خوبصورتی دوبالا ہوگئی ہے۔ شا م کے وقت تاریخی ٹاور جگتیال میں جب یہ روشنیاں کھولی جا رہی ہیں تو ان کا مشاہدہ کرنے کیلئے بڑی تعداد میں شہری اپنے اہل و اعیال کے ساتھ پہنچنے لگے ہیں اور سلیفیاں لے رہے ہیں سینکڑوں افراد اپنے موبائل فون کی ڈی پی پر تاریخی ٹاور کی تصویر شیئر کررہے ہیں۔وہیں ضلع انتظامیہ کی جانب سے 75واں یوم آزادی منانے ’’ہر گھر ترنگا‘‘ پروگرام کو کامیاب بنانے کی سعی کی جارہی ہے اورعوام میں75واں یوم آزادی منانے کیلئے زبردست جوش وخروش دیکھا جارہا ہے ‘ بلدی حکام‘ اور کونسلر س کی جانب سے گھر گھر ترنگا مہم چلا ئی جارہی ہے اور مکینوں کو ترنگے فراہم کیے جارہے ہیں اور عوام رضاکارانہ طور پر ترنگے خرید کر اپنے گھروں پر لہرا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شر جگتیال کے قلب میں واقع خوبصورت کلاٹ ٹاورہے جس کے چاروں سمت گھڑیال نصب ہیں یہ گھڑیاں آج بھی صحیح وقت بتاتی ہیں۔ یہ کلاک ٹاور نظام دکن میر عثمان علی خاں کی حکومت کی جوبلی تقاریب کے سلسلہ میں جناب فائق حسین دوم تعلق دار کی ترغیب پر موضع چلگل کے مقطعدار جناب سری دھرم جگپت راؤ نے بچیسں ہزار کے صرفہ سے ہے یہ یادگار نادر تعمیر کرائی تھی۔ جناب دھرم جگپت راڈ کے فرزند ڈاکٹر رام گوپال راؤ حیدرآباد میں پیشہ طب سے وابستہ تھے۔