آزاد ہند فوج کے جنگجو کی جنگی یادگار پر 100ویں سالگرہ

   

نئی دہلی: آزاد ہند فوج کے جنگجو لیفٹیننٹ آر مادھون پلئی نے آج یہاں نیشنل وار میموریل اور کرتویہ پتھ پر نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مجسمہ پر پھول چڑھا کر اپنی 100ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر فوج نے ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔ قوم کے فخر، 99 سالہ تجربہ کار لیفٹیننٹ آر مادھون پلئی صبح 9.30 بجے نیشنل وار میموریل پہنچے اور ہندوستان کی تاریخی جدوجہد آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی 100ویں سالگرہ منائی۔ انہوں نے نیتا جی کے مجسمے پر بھی پھول چڑھائے ۔ تجربہ کار آزادی پسند نے اسے اپنی زندگی کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور آزاد ہند فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کئی معززین، مسلح افواج کے افسران و جوان اور عام لوگ بھی موجود تھے ۔ لیفٹیننٹ مادھون پلئی 13 مارچ 1926 کو سواریان ٹاؤن شپ، برما (موجودہ میانمار) میں پیدا ہوئے ۔ وہ آزاد ہند فوج کے چند زندہ بچ جانے والے جنگجوؤں میں سے ایک ہیں۔
ان کا تعلق اصل میں تمل ناڈو کے ضلع شیوا گنگائی کے ایک خاندان سے تھا اور 1943 میں 18 سال کی عمر میں آزاد ہند فوج میں شامل ہونے سے پہلے انڈین انڈیپینڈنس لیگ سے وابستہ تھے ۔ جب نیتا جی سنگاپور پہنچے تو لیفٹیننٹ مادھون نے رسمی طور پر آئی این اے میں شمولیت اختیار کی۔ برما میں آفیسرز ٹریننگ اسکول سے کمیشن حاصل کرنے کے بعد، انہوں نے آزاد ہند فوج کے بھرتی افسر اور فنڈ ریزر کے طور پر خدمات انجام دیں، برما میں 32 مقامات پر آئی این اے کے لیے حمایت کو متحرک کیا، جن میں ہنتھاوادی، سوبلے ، یاوندشے ، سواریان، ینگون اور میونگون شامل ہیں۔ آزادی کی جدوجہد میں ان کی فعال شرکت کی وجہ سے وہ مئی سے دسمبر 1945 تک رنگون جیل میں آٹھ ماہ تک قید رہے ۔