آسام میں سیلاب کی تباہی،شیردکان میں پناہ لینے پر مجبور

,

   

۔29اضلاع پانی میں ڈوب گئے، کئی جنگلی جانور ہلاک
گوہاٹی۔18جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آسام کے طوفان سے متاثرہ ’’ کازی رنگا نیشنل پارک ‘‘ کے علاقہ میں ایک شیر کو ایک دکان کے اندر بستر پر آرام کرنے کی تصویر نے سوشل میڈیاپر ہنگامہ پیدا کردیاہے اور اس سے آسام میں حیوانات کی زبوںحالی پر بھی روشنی پڑتی ہے ۔ رائیل بنگال ٹائیگر کے ’’ عالمی ورثہ ‘‘ کے مقام کے قریب واقع پر موتی بستی کی ایک دکان میں شیر کے آرام کرنے کی تصویروں کو وائیلڈ لائف ٹرسٹ آف انڈیا نے سوشیل میڈیا پر ٹوئیٹر کے ذریعہ ڈالا ہے ۔ وائیلڈ لائف آف انڈیا محکمہ جنگلات کی جنگلی جانوروں کی زندگی بچانے کیلئے کی گئی کوششوں میں بھرپور تعاون کررہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ رفیق الاسلام کی دکان میں صبح 7بجے کے وقت شیر داخل ہوا اور اسے اس کے بستر پر آرام کرتا ہوا لوگوں نے دیکھا ۔ کازی رنگا پارک کا 95 فیصد حصہ پانی میں غرق ہوچکا ہے ۔ پنکج بورا نے بتایا کہ شیر کو چھیڑا نہیں جارہا ہے بلکہ صرف اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ جنگلات کے افسر یہ چاہتے ہیںکہ شیر خود وہاں سے نکل جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر شیر ازخود وہ مقام نہیں چھوڑتا ہے تو پھر اسے جنگل میں منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔