آسٹریلیا میں خونی آسمان کا خوفناک منظرتفریحی شہر ڈینہم میں عوام دہشت زدہ

   

ڈینہم( مغربی آسٹریلیا )۔29 مارچ (یواین آئی ) آسٹریلیا کے سیاحتی شہر ڈینہم اور گردونواح میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب جمعہ کی دوپہر اچانک آسمان گہرے سرخ رنگ میں تبدیل ہو گیا۔ یہ پراسرار اور دہشت ناک منظر دیکھ کر مقامی لوگ اور سیاح حیران رہ گئے اور سوشل میڈیا پر اسے “قیامت کی نشانی” سے تشبیہ دی جانے لگی۔ماہرین موسمیات کے مطابق اس نایاب منظر کی اصل وجہ طاقتور بحری طوفان ‘نریل’ ہے ۔ طوفان کی تیز ہواؤں نے آسٹریلیا کے صحرائی علاقوں سے ٹنوں کے حساب سے سرخ مٹی اور گرد و غبار کو فضا میں بلند کر دیا تھا۔ فضا میں موجود آئرن آکسائیڈ (سرخ مٹی) کے ذرات نے سورج کی روشنی کو اس طرح منتشر کیا کہ صرف سرخ لہریں ہی زمین تک پہنچ سکیں، جس سے پورا منظر کسی سائنس فکشن فلم جیسا دکھائی دینے لگا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چند ہی منٹوں میں دن کا اجالا غائب ہو گیا اور حدِ نگاہ صفر رہ گئی۔ ہوا میں دھول کی بو اور گہرے سرخ رنگ نے پورے ماحول کو بوجھل بنا دیا تھا۔ انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔