نئی دہلی۔ سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دلچسپ سیریز کی توقع کر رہے ہیں اور انہوں نے پیش قیاسی کی ہے کہ مہمان ٹیم بارڈرگواسکر ٹرافی کی لڑائی کے دوران کامیابی کے تعطل کو توڑ سکتی ہے۔ آسٹریلیا اور ہندوستان اس وقت آئی سی سی مردوں کی ٹسٹ رینکنگ میں سرفہرست دو مقامات پر ہیں۔ نیز دو سخت حریف بھی آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے جدول میں سرفہرست ہیں اور فائنل میں رسائی کے لئے مضبوط دعویدار ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم 2004 کے بعد سے ہندوستانی سرزمین پر فتح حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، لیکن جے وردھنے کو امید ہے کہ پیٹ کمنز کی ٹیم اس بار پوری طرح آگے بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ ہمیشہ ایک زبردست سیریز ہونے والی ہے۔ میرے خیال میں ہندوستانی حالات اور آسٹریلوی بیٹرس اس سے کیسے نمٹتے ہیں، ان کے پاس واقعی ایک اچھی بولنگ یونٹ ہے اور ہندوستانی بیٹرس اس سے کیسے نمٹتے ہیں… یہ اس بات پر منحصر ہے کہ ہر ٹیم کس طرح آغاز کرتی ہے اورسیریز میں کس نے رفتار حاصل کی ہے۔ لیکن یہ دلکش سیریز ہوگی۔ جے وردھنے نے آئی سی سی ریویو کے تازہ ترین ایپی سوڈ میں مزیدکہا ہے کہ یہ پیش قیاسی کرنا مشکل ہے، لیکن سری لنکائی ہونے کی وجہ سے، میں امید کررہا ہوں کہ آسٹریلیا ہر طرح سے آگے بڑھ سکتا ہے۔ شاید آسٹریلیا کے لیے 2-1 کی جیت ممکن ہو لیکن یہ ایک مشکل سیریز ہونے والی ہے۔ سفید گیند کی کرکٹ میں شبھمن گل کی شاندار فارم ہندوستان کے لیے مختصرفارمیٹس میں بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے اور جے وردھنے کا خیال ہے کہ نوجوان سرخ گیند کے کھیل میں اسی طرح کا اثر ڈال سکتا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ بہت اچھا مظاہرہ کررہا ہے، وہ تکنیکی طور پر بہت اچھا ہے اور وہ تیز رفتارکا ایک اچھا کھلاڑی ہے۔ اس سے وہ اس آسٹریلوی بولنگ کے خلاف اچھے مقام پر رہے گا لیکن یہ ہمیشہ مشکل رہے گا اور یہ ایک بہت اچھی سیریز ہوگی۔ وہ اس وقت زبردست فارم میں ہے اور اگر وہ اس فام کو ریڈ بال کرکٹ میں بدل دیتا ہے تو کافی شاندار ہوگا۔ اس کی رفتار، پختگی اور حالات کی سمجھ متاثر کن ہے ، وہ ہندوستان کے لیے لائن اپ میں سب سے بڑا اثاثہ ثابت ہوگا۔ وہ مخالف بولنگ شعبہ کو دباؤ میں رکھنے کے لیے ایک اچھی رفتار پر اچھا آغاز فراہم کرتا ہے جو ہندوستانی ٹیم کے لئے کافی سود مند ہوگا ۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کا ہندوستان کا چار ٹسٹ میچوں کا دورہ 9 فروری کو ناگپور میں ہونے والے پہلے ٹسٹ کے ساتھ شروع ہوگا۔