آسٹریلین اوپن کیلئے کھلاڑیوں کی آمد ،ٹورنمنٹ کا 8 فروری کو آغاز

   

ملبورن : دو مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چمپئن وکٹوریہ ایزرنکا ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جوکہ 15 چارٹر طیاروں کے ذریعہ سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے ملبورن پہنچے ہیں۔ آسٹریلیا آمد کے بعد ایزرنکا خواہاں ہیکہ وہ دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے عائد پابندیوں کے باوجود وہ ٹورنمنٹ کیلئے ملبورن پہنچنے کی اطلاع دیں اور وہ دیگر ساتھیوں کے ساتھ 14 دن کے قرنطینہ میں پہنچ چکی ہیں۔ ایزرنکا جنہوں نے 2012ء اور 2013ء میں خطابات حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا کہ میں ملبورن پہنچ چکی ہوں اور ان تمام میں شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جن کی بدولت یہ ٹورنمنٹ ممکن ہوسک رہا ہے۔ آسٹریلین اوپن جس کا 8 فروری کو آغاز ہورہا ہے، اس کے متعلق 2014ء کے چمپئن اسٹان واورنکا نے بھی ایک تصویر شائع کی ہے جس میں وہ چہرے کا ماسک پہنے اپنے دیگر دو کھلاڑیوں کے ساتھ موجود ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں امریکہ کی میڈیسن کیز، عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ، رافل نڈال اور سریناولیمس بھی یہاں پہنچ چکی ہیں۔ آئندہ ماہ شروع ہونے والے سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے تقریباً 1200 افراد جن میں کھلاڑی، کوچیس اور دیگر عملہ شامل ہے، وہ آسٹریلیا پہنچ چکے ہیں جنہیں سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ متعلقہ ہوٹلس روانہ کردیا گیا ہے جہاں وہ ہوٹل میں ہی 14 دن کا قرنطینہ مکمل کریں گے۔ آسٹریلین اوپن ٹورنمنٹ کیلئے 4 فروری کو ڈرا منعقد کیا جائے گا جبکہ خطابی مقابلہ 21 فروری کو کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایڈیلیڈ میں نمائشی ٹورنمنٹ کا 19 جنوری کو آغاز ہوگا۔ آسٹریلین اوپن کا مکمل ٹورنمنٹ ملبورن میں ہی کھیلا جائے گا کیونکہ کورونا کی وجہ سے سفر پر سخت پابندیاں عائد ہے۔