ممبئی: گلوکارہ آشا بھونسلے اپنی پرکشش آواز کے لئے مشہور ہیں اور وہ تقریباًچھ دہائیوں سے فلم انڈسٹری کے 12 ہزار سے زائد دلکش اور مدہوش کرنے والے نغمات کو اپنی آواز دے چکی ہیں۔ ہندی کے علاوہ انہوں نے مراٹھی، بنگالی، گجراتی، پنجابی، تمل، ملیالم اور انگریزی زبان میں بھی نغمہ سرائی کی ہے ۔ آشا بھونسلے کی پیدائش 8ستمبر 1933 مہاراشٹر کے سانگلی گاؤں میں ہوئی۔ ان کے والد پنڈت دینا ناتھ منگیشکر مراٹھی رنگ منچ سے جڑے ہوئے تھے ۔ جب وہ محض نو سال کی تھیں ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا اور کنبہ کی معاشی ذمہ داری کو سنبھالنے کے لئے انہوں نے اپنی بڑی بہن لتا منگیشکر کے ساتھ فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گیت گانابھی شروع کردیا تھا۔ آشا بھونسلے نے اپنا پہلا نغمہ 1948 میں فلم چنریا میں ’ساون آیا ‘ گایا۔آشا بھونسلے نے سولہ برس کی عمرمیں اپنے خاندان کی مرضی کے خلاف اپنی عمر سے کافی بڑے گنپت راؤ بھونسلے سے شادی کی ۔ یہ شادی زیادہ کامیاب نہیں رہی اور آخرکار وہ ممبئی سے واپس اپنے گھر پونے آگئیں۔تب تک گیتا دت، شمشاد بیگم اور لتا منگیشکربطور گلوکارہ اچھی خاص شناخت قائم کرچکی تھیں۔ سال 1957 میں پروڈیوسر ، ڈائرکٹر بی آر چوپڑہ کی ہدایت کاری اور موسیقار او پی نیئر کی موسیقی میں بنی فلم ‘نیا دور ‘ آشا بھونسلے کے فلمی کیریئر کے لئے اہم موڑ ثابت ہوئی۔