این ٹی آر چوراستہ پر سی آئی ٹی یو کا احتجاج، حکومتوں کے علامتی پتلے نذر آتش
نظام آباد ۔ آشا ورکر سجاتا کے خاندان کو 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء اور اس کے خاندان کے ساتھ انصاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے این ٹی آر چوراستہ پر احتجاج کرتے ہوئے مرکزی ، ریاستی حکومتوں کے علامتی پتلوں کو نذرآتش کیا سی آئی ٹی یو کی ضلع سکریٹری نورجہاں نے بتایا کہ حیدرآباد کے ملک پیٹ ایریا کے پی ایچ سی سنٹر میں کام کرنے والے آشا ورکر عہدیداروں کی ہراساں کے باعث موت واقع ہوگئی تھی ۔ اس کے موت کے ذمہ دار عہدیدار ہے اور اسے ہراساں کرنے والے عہدیداروں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ نورجہاں نے بتایا کہ آشا ورکروں سے کام کاج میں دن بہ دن اضافہ کرتے ہوئے ان پر بوجھ عائد کیا جارہا ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں زچگی نہ کرانے کی صورت میں تنخواہ کٹ کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے ۔ سرکاری دواخانہ میں صحیح طرح کی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے عوام خانگی دواخانوں کا رخ کررہے ہیں اور اس کی ذمہ دار آشا ورکر کس طرح ہوسکتی ہے اور سرکاری دواخانوں میں معیاری علاج کیا گیا تو نہ صرف حاملہ خاتون دیگر افراد بھی خانگی دواخانہ کے بجائے سرکاری دواخانوں میں علاج کرنا پسند کرتے ہیں لہذا آشا ورکروں پر دبائو ڈالنے کے بجائے معیاری علاج کیلئے اقدامات کریں اور آشا ورکروں کو ہراساں کر نا بند کریں ۔ اس موقع پر سی آئی ٹی یو کی صدر راجمنی، رینوکا اور دیگر بھی موجود تھے ۔