آف لائن آدھار سسٹم متعارف ، صرف QR کوڈ سے شناخت ہوگی

   

آدھار کی فوٹو کاپی کا دور ختم ، UIDAI نے نیا پرائیویسی محفوظ نظام متعارف کرایا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : آدھار کی فوٹو کاپی یا ہارڈ کاپی کے غلط استعمال کے خدشات کو ختم کرنے کے لیے یونیک آئیڈنٹیفکیشن اتھاریٹی آف انڈیا (UIDAI) نے ایک جامع اور جدید آف لائن آدھار ویریفیکیشن سسٹم متعارف کرانے کی تیاری کررہا ہے ۔ اس نئے نظام کا بنیادی مقصد شہریوں کے شناخت کی حفاظت کو مزید مضبوط بنانا اور پرائیوسی کے معیار کو عالمی سطح تک لے جانا ہے ۔ اس ماڈل کے تحت مستقبل میں جاری ہونے والے آدھار کارڈ میں صرف فرد کی تصویر اور ایک محفوظ QR کوڈ شامل ہوگا ۔ کوئی دیگر ذاتی تفصیلات کارڈ پر درج نہیں ہوں گی ۔ نئی پالیسی کے مطابق ہاوزنگ سوسائٹی میں داخلہ ، ریستوران کے لائیو ایونٹس یا امتحانی مراکز کے بشمول جہاں کہیں بھی شناخت کی ضرورت ہو ایک خصوصی ایپ کے ذریعہ QR کو اسکیان کرتے ہوئے فوری تصدیق کی جائے گی ۔ UIDAI کے مطابق اس نئے نظام سے آدھار کارڈ کی فوٹو کاپی یا زیراکس کی مکمل ضرورت ختم ہوجائے گی ۔ شناخت کی فوری مستند اور محفوظ تصدیق ہوگی ۔ ساتھ ہی ذاتی معلومات کے غلط استعمال کا امکان تقریبا ختم ہوجائے گا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیا آف لائن سسٹم شہریوں کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے ساتھ اداروں کے لیے بھی شناخت کی توثیق کا موثر جدید اور تیز رفتار طریقہ کار ثابت ہوگا ۔ جن لوگوں کو ذاتی معلومات افشاں ہونے اور اس کا غلط استعمال ہونے کے خدشات ہیں وہ سب دور ہوجائیں گے ۔ یہ نیا سسٹم حکومت کی ڈیجیٹل سیکوریٹی اقدامات کو مزید مضبوط بنائے گا اور شہریوں کو اپنے آدھار کے غلط استعمال سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔۔ 2