لندن ۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔ انہوں نے 10 سال کے طویل کیریئر کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کو الوداع کہہ دیا ہے۔ معین نے اپنی سبکدوشی کے اعلان کی بڑی وجہ عمر بتائی ۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف منتخب نہ ہونا بھی ان کے فیصلے کی وجہ ہے۔ معین نے ڈیلی میل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ 37 سال کے ہوگئے ہیں۔ انہیں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بھی منتخب نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے حیران کن انکشاف کیا اور کہا کہ بورڈ نے انھیں بتایا ہے کہ انھوں نے انگلینڈ کے لیے کافی کرکٹ کھیلی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اگلی نسل کو موقع دیا جائے۔ اس لیے اس نے محسوس کیا کہ یہ فیصلہ لینے کا صحیح وقت ہے۔ سبکدوشی کے بعد معین علی کے بیانات سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنا کیرئیر جاری رکھنا چاہتے تھے۔ لیکن ٹیم کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ سبکدوشی کے بعد انہوں نے کہا کہ ان میں اب بھی کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے اور وہ کچھ سال انگلینڈ کے لیے کھیل سکتے تھے۔ تاہم ٹیم کو آنے والے وقت کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ سبکدوشی کے باوجود وہ مستقبل میں بھی فرنچائزکرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔ انگلینڈ کے اس آل راؤنڈر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ آپ کا کھیل میں کیا اثر ہے۔ آپ20 یا 30 رنز بنا سکتے ہیں، لیکن یہ اہم رنز ہیں۔ کھیل میں اثر ڈالنا میرے لیے ہمیشہ اہم رہا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ میں نے انگلینڈ کی ٹیم کے لیے کیا کیا ہے۔ جب تک میں نے محسوس کیا کہ لوگ میرے کھیل سے خوش ہیں، میں اس سے خوش تھا۔ معین علی اس وقت کیریبین پریمیئر لیگ میں گیانا ایمیزون واریئرز کے لیے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کچھ عرصہ فرنچائز کرکٹ کھیلنے کے بعد کوچنگ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ معین نے کہا کہ وہ کوچنگ میں بہترین بننا چاہتے ہیں اور یہ کام برینڈن میک کولم سے سیکھ سکتے ہیں۔ یاد رہیکہ معین علی نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنا ڈیبیو 2014 میں ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران ونڈے میچ سے کیا۔ اس دورے پر انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیوکیا۔ پھر چند ماہ بعد انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹسٹ ڈیبیو کیا۔ اب 10 سال تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے بعد انہوں نے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے لیے مجموعی طور پر6678 رنز بنائے اور366 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے 8 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ معین نے اپنے کیریئر میں انگلینڈ کے لئے 68 ٹسٹ، 138 ونڈے اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلے۔ انہوں نے ٹسٹ میں 28 کی اوسط سے 3094 رنز بنائے اور 204 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ ونڈے میں معین نے 24 کی اوسط سے 2355 رنزکے ساتھ 111 وکٹیں حاصل کیں اور ٹی ٹوئنٹی میں1229 رنز کے ساتھ 51 وکٹیں حاصل کیں۔