آندھراپردیش کے آٹو ڈرائیورس کی فلاح و بہبود

   

ٹیکس معاف، چیف منسٹر چندرا بابو کا خطاب

حیدرآباد ۔ 2 فبروری (سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں آٹو رکشاؤں کے روڈ ٹیکس معاف کردینے کے فیصلہ کو آٹو رکشاؤں کیلئے صرف ابتدائی اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے آٹو ڈرائیوروں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ آٹو رکشاؤں کے ٹیکس کی معافی سے ریاست پر زائد از 140 کروڑ روپئے کا مالی بوجھ عائد ہورہا ہے لیکن وہ مالی بوجھ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے آٹو رکشا ڈرائیوروں کو راحت بہم پہنچانے کے مقصد سے ریاست میں تمام آٹو رکشاؤں کیلئے روڈ ٹیکس معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست مالی مسائل و مشکلات سے دوچار رہنے کے باوجود آٹو ڈرائیوروں و مالکین پر مالی بوجھ نہ رہنے کیلئے ہی ٹیکس معاف کرنے کے اقدامات کئے گئے۔ آندھراپردیش میں آٹو رکشاؤں کیلئے روڈ ٹیکس معاف کرنے حکومت کے اقدام پر آٹو رکشا ڈرائیورس کے وفد نے آج چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرکے اظہارتشکر کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے آٹو رکشا ڈرائیوروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مالی مسائل سے دوچار رہنے کے باوجود ریاست کی تیز رفتار ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر مسٹر چندرا بابو نے ازخود آٹو رکشا چلا کر ہر کسی کو حیران کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں تمام الیکٹریکل گاڑیاں ہی رہیں گی۔ آٹو ڈرائیوروں کے وفد نے چیف منسٹر کو انشورنس کے بوجھ سے واقف کروایا جس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بڑے بھائی کی طرح آپ کا ساتھ دوں گا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ ایک ہی یونین کی شکل میں آنے پر انشورنس کے بوجھ کو بھی کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا واضح تیقن دیا۔