وزیراطلاعات و تعلقات عامہ پارتھا سارتھی کی جرنلسٹ یونین کے قائدین سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 29 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں موثر اقدامات کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ یہ بات ریاستی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ مسٹر پارتھا سارتھی نے بتائی ۔ انھوں نے آج یہاں جرنلسٹ یونین کے قائدین سے ملاقات کے بعد کہا کہ ریاستی حکومت صحافیوں کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرے گی اور صحافتی برادری کے لئے منصوبہ رکھتی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو کے احکامات اور ہدایت پر عمل کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر صحافتی برادری کے مسائل کی یکسوئی کو ترجیح دے رہے ہیں اور ترقیاتی کاموں کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے یونین قائدین کو بتایا کہ چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو نے صحافیوں کیلئے امکنہ جات کے مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کی ہدایت دی ہے اور ساتھ ہی ایکریڈیشن کی تکمیل کے ساتھ ساتھ انشورنس کی حد کو (10) لاکھ روپئے تک اضافہ کرنے کا تیقن دیا ۔ اس اجلاس میں انفارمیشن کے ڈائرکٹر ہیمانشی شکلا کے علاوہ جرنلسٹ یونین کے قائدین موجود تھے ۔