چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری پر مباحث کا مطالبہ، اسپیکر کی کرسی کو گھیر لیا گیا
حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں تلگودیشم ارکان اسمبلی کی جانب سے احتجاج پر 15 ارکان کو ایوان سے معطل کردیا گیا۔ صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری کے خلاف تلگودیشم ارکان نے اسمبلی اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی احتجاج کیا اور کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی۔ اسپیکر کے پوڈیم کے قریب پہنچ کر تلگودیشم ارکان احتجاج کرنے لگے جس پر اسپیکر نے 15 ارکان کو معطل کرنے کیلئے حکومت سے قرارداد پیش کرنے کی خواہش کی۔ حکومت کی جانب سے تلگودیشم کے 14 اور وائی ایس آر کانگریس کے باغی رکن یو سری دیوی کی معطلی کی قرارداد پیش کی گئی جسے ندائی ووٹ سے منظور کرلیا گیا۔ اسپیکر نے 15 ارکان کو ایک دن کیلئے ایوان سے معطل کردیا۔ معطل ارکان میں کے اچن نائیڈو، این بالا کرشنا، بی اشوک، اے بھوانی، جی بچیا چودھری، این چنا راجپا، جی بابو، پی کیشو، جی رام موہن، این راما نائیڈو، ایم راما راجو، جی روی کمار، اے سامبا شیوا راؤ اور ڈی بالا ویرانجنے سوامی شامل ہیں۔ ایوان میں تلگودیشم ارکان کے احتجاج کے دوران برسراقتدار پارٹی ارکان کے ساتھ لفظی تکرار ہوئی۔ تلگودیشم کی جانب سے تحریک التواء پیش کرتے ہوئے چندرا بابو کی گرفتاری پر مباحث کی مانگ کی گئی۔ اسپیکر نے تحریک التواء کو نامنظور کردیا جس کے بعد تلگودیشم ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر احتجاج اور نعرہ بازی کرنے لگے۔ احتجاجی ارکان نے اسپیکر سیتا رام کی کرسی کو گھیر لیا۔