نوجوانوں کو تربیت ، ایچ پی کمپنی اور حکومت کے درمیان یادداشت مفاہمت
حیدرآباد۔6مارچ(سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں hp کی جانب سے 3D پرنٹنگ کا مرکز شروع کیا جائے گا اور اس مرکز میں نوجوانو ںکو تربیت کی فراہمی کے علاوہ 3Dپرنٹنگ کے کام بھی انجام دیئے جائیں گے۔ حکومت آندھراپردیش اور پرنٹنگ کی دنیا میں عالمی شہرت یافتہ hp کمپنی کے درمیان کئے گئے معاہدہ کے مطابق آندھرا پردیش میں سنٹر آف ایکسلنس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ سے ریاست کی معیشت کو استحکام حاصل ہونے کا قوی امکان ہے اور کہا جا رہاہے کہ پرنٹنگ کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والی 3Dپرنٹنگ کی آندھرا پردیش میں شروعات سے ریاست میں نئے ہنر مند پیدا ہونے کے علاوہ دیگر شعبوں کو بھی اس کا فائدہ حاصل ہوگا۔ hpذرائع کے مطابق آندھراپردیش میں سنٹر آف ایکسلنس کے قیام کا فیصلہ ریاست کی تیز رفتار ترقی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے کیونکہ ریاست آندھرا پردیش میں نہ صرف عصری پرنٹنگ کو زبردست پذیرائی حاصل ہورہی ہے بلکہ ریاست میں آٹو موبائیل کے علاوہ الکٹرانکس اور ایرو اسپیس کی تیاری کے مراکز میں بھی تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے جو کہ 3D پرنٹنگ کی دنیا میں کافی اہمیت کے حامل ہیں اور ان شعبوں اور صنعتوں کے قیام سے پرنٹنگ کی دنیا میں موجود عصری تقاضوں کو بھی پورا کیا جانا ضروری ہوتا ہے اسی لئے hpنے سنٹر آف ایکسلنس میں تربیت کی فراہمی کے علاوہ اس مرکز میں 3D پرنٹنگ مشینوں کی تنصیب سے ریاست میں قائم ہونے والی دیگر صنعتوں کو بھی سہولت حاصل ہوگی کیونکہ دیگر ریاستوں اور دیگر مقامات پر 3Dپرنٹنگ کے کاموں کو انجام دینے سے بہتر اسی ریاست میں جو خدمات مل جائیں گی تو صنعتی اداروں کو 50 فیصد تک بچت ہونے لگے گی اور hp کے 3D سنٹر آف ایکسلنس میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانو ںکو روزگار کے ساتھ انہیں اپنے اداروں کے قیام کے مواقع بھی دستیاب ہونے لگیں گے جس سے ریاست آندھراپردیش میں جہاں عصری پرنٹنگ کا رجحان پایا جاتا ہے اس میں بھی مزید بہتری پیدا ہوگی۔hpنے ریاست آندھرا پردیش میں سنٹر آف ایکسلنس کے قیام کے سلسلہ میں حکومت آندھرا پردیش کے ہمراہ یادداشت مفاہمت پر دستخط کرلئے ہیں اور آندھرا پردیش انوویشن سوسائٹی کے اشتراک سے اس پراجکٹ کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاست آندھراپردیش میں جاریہ سال کے دوران اس پراجکٹ کو شروع کردیا جائے گا۔