امراوتی 18 جون ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں بھی کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ 425 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں اب تک کے جملہ متاثرین کی تعداد 7,496 تک جا پہونچی ہے ۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج مزید دو مریض کورونا سے فوت ہوئے ہیں اس طرح اب تک مرنے والوں کی تعداد بھی 92 ہوگئی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جملہ 131 کورونا مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ زیادہ کیسوں کے رپورٹ ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریاست میں کورونا اب عروج پا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر اب کورونا اپنے عروج پر پہونچ رہا ہے اور نئے کورونا کیسوں سے نمٹنا ہمارے لئے اب بہت اہم ہے ۔ واضح رہے کہ آندھرا پردیش میں کورونا مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں بھی مسلسل گراوٹ درج کی جا رہی ہے جو تشویش کی بات ہے ۔